لیہ (صبح پا کستان) صوبہ بھر کی طرح ضلع لیہ میں بھی یوم تحفظ القدس منایا گیا۔ اس سلسلہ میں لیہ مائنر سے صدر بازار چوک تک تحفظ القدس ریلی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،ایم پی اے چوہدری اشفاق احمد،چیئرمین ایم سی حافظ جمیل احمد نے کی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی محبوب احمد ،اے سی لیہ عابد کلیار،سی او ضلع کونسل شیخ قاسم شکیل،ڈاکٹر ظفر عالم ظفری،سید ثقلین زیدی،اشرف چشتی،قاری عبدالروف،نیرعباس شاہ،طلحہ زبیر،یونس میرانی،الہی بخش جوتہ،،وکلاء،تاجر برادری،ذرائع ابلاغ کے نمائندئے اور سول سائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے تحفظ القدس اور ٹرمپ کا اقدام نامنظور پر مبنی بینرز اورپلے کارڈ اُٹھائے ہوئے تھے ۔ریلی صدر بازار چوک پر اختتام پذیر ہوئی جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا امریکی صدر کا اقدام ناقابل قبول اور دہشت گردانہ ہے ۔مقررین نے کہا کہ بیت المقدس نہ صرف مسلمانوں کا قبلہ اول بلکہ تمام مذاہب کا مقدس مقام ہے اور اس پر کسی کا غاصبانہ قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گااور ہر سیاسی اور سفارتی سطح پر بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ عالم اسلام کو اتحاد و بھائی چارئے سے امریکہ و اسرائیل کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنا ہوگا۔