ضلع لیہ کے کالجز ، یونیورسٹیز اور سکولوں میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہی سیمینار
لیہ (صبح پا کستان) ضلع لیہ کے تعلیمی اداروں میں فول پروف سیکورٹی انتظامات حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ آئندہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والی نوجوان نسل کو پر امن ماحول میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے بھر پور مواقع فراہم کئے جاسکیں ۔ یہ بات ڈی سی او لیہ راناگلزار احمد نے ضلع لیہ کے کالجز ، یونیورسٹیز اور سکولوں میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔
سیمینار میں ڈی ڈی کالجز حافظ محمد اسحاق , ساجد حسین رونگھہ نے ملٹی میڈیا کے ذریعے کالجز ، یونیورسٹیز میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کمیٹیوں کے قیام اغراض ومقاصد ، فوکل پرسن ، گارڈز کی ٹریننگ ، بونڈری وال کی تکمیل ، خاردار تاریں لگانے ، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مانیٹرنگ رومز میں ڈیوٹی کی تعیناتی ، گارڈز کی ٹریننگ ، اسلحہ کی فراہمی ودیگر امور کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔ ڈی سی او لیہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع لیہ کے تمام پرائمری مڈل ، سیکنڈری ، کالجز ویونیورسٹیوں میں حکومتی ہدایات کی روشنی میں طے کردہ ایس او پی کر عمل درآمد کے لئے مسلسل اجلاسز ، تعلیمی اداروں کے وزٹ ، انتظامی افسران پر مشتمل کمیٹیوں کا قیام ، ضلع لیہ کے 11کالجز و دیگر سکولوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو پر امن ماحول میں تعلیمی مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ انھوں نے کالجز سربراہان کو ہدایت کی کہ اب ان کی بھرپور ذمہ داری ہے کہ وہ سیکورٹی کے تمام انتظامات کی کڑی نگرانی کرتے ہوئے اس مر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی وزٹ کے موقع پر کوئی کوتاہی نظر نہ آئے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ کالجز میں طالب علموں کا حوصلہ بلند کرنے کے لئے خصوصی لیکچرز کے ذریعے آگاہ کیا جائے کہ وہ وقت دور نہیں جب ملک میں سو فیصد پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے گا ۔ جس کے لئے تمام سیکورٹی ادارے چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ اس موقع پر ڈی ایس پی صدر اکبر خان نیازی نے سیکورٹی انتظامات کو بروئے کار لانے کے بارے میں بتایا کہ تعلیمی اداروں کی اندرونی سیکورٹی کے ذمہ دار متعلقہ ادارہ سربرہان ہیں جبکہ بیرونی سیکورٹی کے لئے پولیس کے کمانڈو دستے ، ایلیٹ فورس وخصوصی گشت کرنے والے دستے مصروفِ عمل ہیں جنہیں خصوصی طور پر ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں ۔ سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر لیہ منظور احمد خان چانڈیہ ، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ محمد تنویر یزداں ، اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ جام آفتاب حسین ، جی آر اے محمدارشد وٹو وضلع لیہ کے زنانہ ومردانہ سرکاری وپرائیوٹ کالجز کے سربراہان وفوکل پرسنز نے شرکت کی ۔