کوٹ سلطان پو لیس نے بے گناہ ٹریکٹر ڈرائیوررسیوں سے باندھ کے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
لیہ(مہر زاہد سر فراز واندر سے )کوٹ سلطان میں پولیس گردی کی بدترین مثال، ایس ایچ او نے اہلکاروں کے ہمراہ ٹریکٹر ڈرائیور کو بے گناہ تھانہ میں گھنٹوں رسیوں سے باندھے رکھنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، مشتعل مظاہرین کا تھانہ کا گھیراؤ، سابق ایم این اے ملک نیاز احمدو تاجر رہنماؤں کی مداخلت پرایس ایچ او کی معافی کے بعد مظاہرین پر امن منتشر ہو گئے۔ گزشتہ روز تھانہ کوٹ سلطان کے ایس ایچ او شاہد رضوان نے اپنے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ٹریکٹر ڈرائیور کو بے گناہ گھنٹوں تھانہ میں رسیوں سے باندھنے کے بعد تشدد کیا جس سے ڈرائیور محمد مٹھو کے جسم پر نشانات پڑگئے ، ڈرائیور کی چیخ و پکار پر ساتھی اہلکاروں نے ایس ایچ او سے ڈرائیور کی جان بخشی کروائی۔ ڈرائیور محمد مٹھو کے مطابق وہ مٹی کی ٹرالی لوڈ کر کے پہاڑ پور سے کوٹ سلطان آرہا تھا کہ ایلیٹ اہلکاروں نے روکا اور تھانہ لے گئے ، گاڑی کے کاغذات اور لائسنس چیک کرنے کے بعد جب میں جانے کا پوچھا تو ایس ایچ او تھانہ کوٹ سلطان شاہد رضوان آپے سے باہر ہو گیا اور ساتھی اہلکاروں کو حکم دیا کہ اس کو لٹاؤ جس پر مجھے الٹا لیٹا کر رسیوں سے گھنٹوں باندھے رکھا بعد ازاں ایس ایچ او نے مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔ پولیس تشدد کے واقعہ کے بعد شہری مشتعل ہو گئے اور تھانہ کا گھیراؤ کر لیا ۔ شہریوں نے ایس ایچ اوکے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایس ایچ او کے تبادلہ اور قانونی کا رروائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں سابق ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ، تاجروں اللہ نواز سرگانی و دیگر کی مداخلت پر پولیس سے کئے گئے مذاکرات کے نتیجے میں ایس ایچ او نے شہریوں سے معافی مانگ لی جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پرمنتشر ہو گئے۔
ایس ایچ او تھانہ کوٹ سلطان کا فوری ٹرانسفر کیا جائے ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا۔شہر یوں کا مطا لبہ
کو ٹ سلطان کے شہریوں محمد اصغر پپو ونجھیرہ ، مہر مجاہد ونجھیرہ، ثاقب علی ، محمد عرفان ، محمد عمر فاروق و دیگر نے ڈی پی او لیہ غازی صلاح الدین سے مطالبہ کیا ہے کہ کوٹ سلطان میں پولیس گردی کے مسلسل ہونے والے واقعات کا نوٹس لیا جائے اور نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او کو تھانہ کوٹ سلطان سے فوری ٹرانسفر کیا جائے ورنہ شدید احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ غریب مزدوروں، اساتذہ پر ایس ایچ او کے تشدد ، ہراساں کرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ روز غریب ڈرائیور، دوروزقبل سکول پرنسپل کو ہراساں کیا گیا جس پر شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے ایس ایچ او شاہد رضوان کے فوری تبادلہ کا مطالبہ کیا۔