لیہ(صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازی خان احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران تمام متعلقہ ادارے مجالس عزاء اورعزاداری کے جلوسوں کے لیے بہتر میونسپل سروسز اور بھر پور سیکورٹی کور کی فراہمی کے لیے انتظامات کو یقینی بنائیں ۔یہ ہدایات انہوں نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلع لیہ کے دورہ کے دوران چوک اعظم ،فتح پور ،کروڑ اور لیہ میں عزاداری کے جلوسوں کے روٹس کے معائنہ کے موقع پر دیں۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل حبیب تاجک ،ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ ،ڈی پی او محمد علی ضیاء ،چیئرمین ایم سی لیہ حافظ جمیل احمد ،چیئر مین ایم سی کروڑ افتخار خان،اے ڈی سی ریونیو نعیم اللہ بھٹی ،ڈی ای او ریسکیو1122ڈاکٹر سجاد احمد،اے سی لیہ عابد کلیار،اے سی کروڑ الطاف حسین ،ممبران امن کمیٹی سید عملدار حسین شاہ ،حاجی مختار حسین ،سید ثقلین زید ی ،سید علی رضا شاہ،میونسپل افسران ،سول ڈیفینس آفیسر خالد کریم قریشی ہمر اہ تھے۔کمشنر ڈی جی خان نے تھلا قریشیاں ،امام خانہ حُسینہ ،مسجد کرنال والی ،ٹبی کربلا روڈ کے مقامات پر عزاء داری کے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے میونسپل سروسز کی فراہمی جبکہ ڈی پی او محمد علی ضیاء نے سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی ۔کمشنر ڈی جی خان نے مرد وخواتین رضا کاروں کی تعداد کو بڑھانے اور انہیں پولیس کی طرز پر ٹریننگ دینے کی ہدایت کی ۔انہوں نے میونسپل افسران اور ریسکیو 1122کے حکام کو منظم بنیادوں پر اسی جذبہ سے خدمات سرانجام دینے کی ضرور ت پر زور دیا۔معائنہ کے دوران کمشنر و آر پی اونے مسجد کرنا ل والی کا بھی معائنہ کیا۔