لیہ (صبح پا کستان ) خاتون اے ایس آئی اور عملے کی غفلت، ڈی این اے کے بعد واپسی پر دوران سفر زیادتی کیس کا ملزم ہتھکڑی سمیت پولیس کو چکمہ دیکر فرار ، پولیس ٹیم کو معطل کردیا گیا ، انکوائری کا حکم ، تھانہ صدر فیصل آباد میں ملزم کیخلاف مقدمہ بھی درج ، تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ سلطان کے مقدمہ نمبر 222/16 میں نامزد زیادتی کیس کا ملزم شاہد عمران جو کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 394ج ب کا رہائشی ہے گرفتاری پر ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد لاہور سے واپسی سفر کے دوران فیصل آباد کے مقام پر پولیس کو چکمہ دیکر ہتھکڑی سمیت فرار ہوگیا ۔ پولیس ریکارڈ اور ذرائع کے مطابق اے ایس آئی زنیرا کی سربراہی میں دو کانسٹیبلان اور پولیس گاڑی کے ڈرائیور پر مشتمل چار رکنی ٹیم مدعی مقدمہ خاتون (ع) سمیت ملزم شاہد عمران کو لیکر لاہور گئی تھی واپسی پر فیصل آباد کے مقام پر تھانہ صدر کی حدود میں ملزم نے رفع حاجت کیلئے گاڑی روکنے کی استدعا کی اس دوران وہ پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے ہاتھ میں اس وقت ہتھکڑی بھی نہ تھی کوتاہی کو چھپانے کیلئے پولیس ٹیم نے مبینہ طور پر ہتھکڑی سمیت فرار ہونے کا بہانہ بنایا ۔ پولیس ٹیموں کی جانب سے کوششوں کے باوجود ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس تاحال ناکام ہے ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی زنیرا سمیت پولیس ٹیم کے ارکان کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم جاری کیا ہے جبکہ ایس ایچ او تھانہ کوٹ سلطان اصغر لغاری فیصل آباد کے تھانہ صدر پہنچے جہاں انہوں نے ملزم کے فرار کے حوالے سے باقاعدہ مقدمہ درج کرادیا ہے ۔ اس بات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فرائض میں غفلت پر اے ایس آئی سمیت پولیس ٹیم کیخلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔