لیہ: (صبح پا کستان)سالانہ صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع لیہ میں 12ارب سے زائد لاگت سے عوامی فلاح وبہبود کی 78سکیمیں مکمل کی جائیں گی ۔اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں چیئرمین ضلع کو نسل ملک عمرعلی اولکھ ،اے ڈی سی آر نعیم اللہ بھٹی ،سی ای او صحت ڈاکٹر امیر عبداللہ سامٹیہ ،سی ای او تعلیم شوکت علی شیروانی،انہار ،بلڈنگ،ہائی وے ،میونسپل کمیٹیوں کے ایکسین ،ایس ڈی اوز و چیف آفسران کے علاو ہ دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مالی سال 2017-18میں مذکورہ سکیموں کے لیے 2ارب روپے سے زائد فنڈز مختص کیے گئے ہیں جن سے 89جاری سکیموں اور 39نئی سکیموں پر کام جاری ہے اجلاس میں بتایا گیا کہ سپورٹس سیکٹرکی 7سکیمیں ،پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی 2،سوشل ویلفئیرکی ایک،پبلک ہیلتھ انجئیرنگ کی 20،پبلک بلڈنگ کی 5،زراعت اورجنگلات کی ایک ،ایک سکیم ،ہائی وے کی 25،شعبہ سکول کی 7سکیمیں، ہائیر ایجوکیشن کی ایک،لوکل گورنمنٹ کیمونٹی ڈویلپمنٹ کی 5،انہار کی 3سکیمیں ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہیں ۔ڈپٹی کمشنر واجد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاری سکیموں پر کام کی رفتار کو بڑھایا جا ئے اور نئی سکیموں پرتمام ضروری کارروائی مکمل کر کے 31جولائی تک کام شروع کر دیا جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیرپایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے ماڈل کیٹل مارکیٹ چوک اعظم کے لیے اراضی کا حصول بہت جلد ممکن بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔