ڈیرہ غازی خان:(صبح پا کستان) میئر میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان شاہد حمید چانڈیہ نے کہا ہے کہ2008-09 کے دوران شہر میں کرپشن اور بدنیتی پر مبنی 95کروڑروپے سے زائد کی لاگت سے بچھائے جانے والا سیوریج سسٹم مکمل طورپر ناکارہ ہوچکا ہے آئے روز شہر کے مختلف مقامات پر سیوریج لائنوں کے بیٹھنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈی جی خان کی جانب سے تیار کردہ سیوریج منصوبے میں میگا کرپشن کی وجہ سے سیوریج لائنز بچھاتے وقت مطلوبہ معیار اور ضروریات کا خیال نہیں رکھا گیا۔ مال کی چمک میں اندھے ہونے والے ذمہ دار آفیسران ،انجینئرز نے ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کرکے محض ریت میں پائپ دبائے جس کا خمیازہ اب میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کو معاشی دباؤ اور عوام کو آمدورفت کی شدید مشکلات کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ۔میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کے مطابق ناقص سیوریج سسٹم کے باعث پورا شہر گویا پانی پر تیر رہا ہے ۔انہوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس تیزی کے ساتھ سیوریج کے بیٹھنے اور شہر کی شاہراوں پر گہرے شگاف پڑنے کا سلسلہ جاری ہے اس صورتحال میں کوئی بھی ناخوشگوار المیہ جنم لے سکتا ہے ۔بدقسمتی سے اس وقت کے ذمہ داران نے اپنی آنکھوں کو بند کئے رکھا جس کا نتیجے میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ میئر کارپوریشن نے کہا کہ انہوں نے ڈیرہ غازی خان شہرمیں سیوریج سسٹم کی خطرناک صورتحال اور خدشات سے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ،وزیر بلدیات پنجاب ،چیف سیکریٹری پنجاب،سیکریٹری ٹو چیف منسٹر پنجاب ،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ، کمشنرو ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کو تحریری طورپر آگاہ کردیا ہے ۔ان کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں ناقص سیوریج سسٹم بچھانے کے ذمہ داران کے خلاف اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور فوری طورپر شہر ڈیرہ غازی خان میں سیوریج سسٹم کی بحالی و تعمیر نو کیلئے فنڈز کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے