ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان ) مئیر ڈی جی خان کے حکم پر غیر قانونی طور پر ترقیاں پانے والے میونسپل کارپوریشن کے چھ اہلکاروں کیخلاف کاروائی، واپس اپنی ابتدائی پوسٹوں پر تعینات کردیا گیا۔ گزشتہ ادوار میں ہونیوالی تعیناتیوں اور ترقیوں کا از سرِ نو جائزہ لینے کی ہدایت، میونسپل کارپوریشن میں کسی کو بھی من مانی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ۔ مزید تفصیلات کے مطابق مئیر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ نے گزشتہ ادوار میں حقائق کو چھپاتے ہوئے غیر قانونی طور ترقی حاصل کرنے والے 6 اہلکاروں کو فوری طور پر واپس اپنی ابتدائی پوسٹنگ پر تعینات کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔ ان میں چھ وہ اہلکارشامل ہیں جنکی بھرتی درجہ اول بطور سینٹری ورکرز ، چوکیدار اور نالی بیلدار ہوئی تاہم ماضی میں تعینات رہنے والے ٹی ایم اے آفیسران نے مالی مراعات اورسیاسی مداخلت کے عوض ملی بھگت سے ان ملازمین کو گریڈ12 سمیت دیگر گریڈز میں ترقی دے دی تھی جو کہ عدالتی احکامات اور ترقی پانے کے تمام تر قواعد وضوابط کے صریحاً خلاف ورزی تھی، مئیر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کو محکمہ میں ہونیوالی غیر قانونی ترقیوں کے بارے تحریری طور اطلاع ملی تو انھوں نے جنرل کلاز ایکٹ 1956 سیکشن 20 کی روشنی میں اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی ، مئیر کی ہدایت پر بننے والی اس کمیٹی نے متعلقہ ریکارڈ اور اس ضمن میں جاری ہونیوالے عدالتی احکامات کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی سفارشات مرتب کیں سفارشات میں مذکورہ ان چھ اہلکاروں کی فوری طورتنزلی اور ان سے ناجائز طور پر حاصل کی گئی تنخواہوں کی ریکوری کے لئے کہا گیا ۔ میئر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کارپوریشن کے 6اہلکاروں کی فوری تنزلی، ان سے اضافی تنخواہوں کی وصولی سمیت ترقی دینے والے آفیسران کیخلاف کاروائی کا حکم جاری کیا ہے، مئیر کی ہدایت پر غیر قانونی پرموشن حاصل کرنیوالے ان اہلکاروں کی واپس اپنی اوریجنل آسامیوں پر تنزلی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔ کارپوریشن میں تقرریوں اور ترقیوں کے معاملے پر مزید چھان بین اور ناجائز ترقی پانے والے اہلکاروں کیخلاف کاروائی کے لئے مئیر شاہد حمید چانڈیہ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دور میں کسی صورت غیر قانونی ، طورتعیناتیوں قواعد و ضوابط کے برعکس ترقیوں اوراقرباء پروریوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میونسپل کارپویشن کے تمام شعبہ جات میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔