لیہ(صبح پا کستان) پریمیئر کیبل نیٹ ورک تنازعہ میں جانبداری آشکارا، تاجر حقوق کے تحفظ کے دعویداروں کا قبضہ مافیا سے گٹھ جوڑ بے نقاب، انجمن تاجران روٹی بوٹی کی دعوت پر بک گئی، پرتکل عشائیہ کی تصاویر منظر عام پر آ گئیں، متاثرہ فریق کا تاجر حقوق کے تحفظ میں ناکامی پر صدر سمیت تاجر عہدیداران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق پریمیئر کیبل نیٹ ورک کالج روڈ لیہ کے سی ای او سعید محبوب ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیبل نیٹ ورک کی دوکان کے تنازعہ میں انجمن تاجران لیہ کی جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے صدر مظفر اقبال دھول سمیت تاجر عہدیداروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ سعید محبوب کا کہنا تھا کہ نہ صرف دوران تنازعہ تاجر عہدیداران نے اپنے حلف کے تابع تاجر بھائی کے معاملہ پر اس کے حقوق کے تحفظ سے گریز برتا بلکہ بعد ازاں فیصلے میں بھی حقائق کو نظر انداز کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انجمن تاجران کے عہدیدار دوران تنازعہ اور بعد ازاں فیصلے کے دوران جانبدار رہے جو اس طور واضح ہے کہ فیصلے کے بعد اسی رات ایونٹس ہال میں دوکان کے مالکان حسنین اور باسط وغیرہ فیصلے میں شامل ان کے عزیز و اقارب کے ہمراہ صدر مظفر اقبال دھول سمیت دیگر عہدیداران نے ان کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک جج دن کے اجالے میں فیصلہ سنائے اور رات کے اندھیرے میں اسی پارٹی کے عشائیہ میں شرکت کرے تو ان کی جانبداری واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انجمن تاجران نے فیصلے کے وقت قبل اذیں دوکاندار اور مالک کے درمیان ہوئے معاہدوں اور پیمرا لائسنس کے حصول کیلئے لاگو قانونی ضابطوں کو نظر انداز کیا۔ اور جانبداری برتتے ہوئے مبینہ طور پر مالکان کو فیور دی۔ جو الزامات کی تائید کرتی ہے۔ سعید محبوب نے کہا کہ انہوں نے اخلاقی بنیادوں پر فیصلے کو تسلیم کیا اور اب جانبداری کے ثبوت سامنے آنے پر وہ شدید تحفظات رکھتے ہیں ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ تاجر وں کے ہی پلیٹ فارم پر چاہے وہ لیہ کی سطح پر ہو یا پنجاب یا پاکستان فیصلہ کے خلاف اپیل کا حق استعمال کرینگے۔ سعید محبوب نے سٹی پولیس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ قبضہ کی کوشش کے دوران اسلحہ کی نمائش اور قبضہ گردی کے حوالے سے ان کی درخواست پر درج مقدمہ میں ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔ صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں سعید محبوب نے معاہدے ، فیصلے اور کرایہ نامہ کی کاپیاں اور عشائیے کی تصاویر صحافیوں کے حوالے کیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فیصلے کے وقت مالک دوکان کی جانب سے کرائے کی عدم ادائیگی کے حوالے سے لگائے گئے تمام الزامات انجمن تاجران کے پلیٹ فارم پر ہی جھوٹے ثابت ہو گئے تھے۔