سرکاری سکولوں کی نجکاری ، اساتذہ کو ناجائز سزاؤں کے خلاف اساتذہ احتجاجی کیمپ
لیہ(صبح پا کستان)سرکاری سکولوں کی نجکاری ، اساتذہ کو ناجائز سزاؤں کے خلاف اساتذہ کا ڈسٹرکٹ پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ ، اساتذہ کو حقوق دینے کا مطالبہ۔پنجاب ٹیچرز یونین کی کال پر گزشتہ روز اساتذہ نے مطالبات کے حق میں پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ اساتذہ نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے اگر اساتذہ کے خلاف نارروا سلوک کا سلسلہ بند نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین منظور خان درانی نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں جس کے باوجود نا اہل حکومت اساتذہ کے خلاف آئے روزکارروائیاں کرنے کے جواز پیدا کر رہی ہے۔ اساتذ ہ رہنماؤں نے خطاب میں مطالبہ کیا کہ سرکاری سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس اور اساتذہ کے سکیل اپ کئے جائیں ۔ اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے خلاف کارروائیاں بند کی جائیں ورنہ ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ اساتذہ نے مطالبات کی منظور ی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
رپورٹ ۔ مہر زاہد سرفراز واندر پریس رپورٹر