ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن اللہ رکھا انجم نے کہا ہے کہ چاروں اضلاع میں گندم خریداری کے 44مراکز فنکشنل کر دیئے گئے ہیں . بار دانہ کا اجراء 20اور گندم خریداری 25اپریل سے شروع کی جائے گی. گندم خریداری مراکز پر مڈل مین اور آڑھتی کا داخلہ بند کر دیاگیاہے . پانی ، سایہ ،ٹینٹ ، کرسیوں سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی.انہوں نے ان خیالات کااظہار گندم خریداری مراکز کے اچانک معائنہ کے دوران کیا. اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز خالد محمود گوپانگ ، عبدالجبار ، ڈی ایف سی محمد عمران ، ای اے ڈی اے اطہر جلیل سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے . کمشنر اللہ رکھا انجم نے ڈیرہ غازیخان ، کوٹ چھٹہ ، چوٹی ، رنداڈہ سمیت مختلف گندم خریداری مراکز کا معائنہ کیا . سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ضروری احکامات جاری کیے. اس موقع پر بتایا گیاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن سے چار لاکھ 74ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی جس کیلئے ڈیرہ غازیخان ، راجن پور اور لیہ اضلاع میں 9,9 جبکہ مظفرگڑھ میں 17خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں .