چوک اعظم ( صبح پا کستان) کلبھوشن کے ساتھ ساتھ عزیر بلوچ اور اس کے سہولت کاروں کو بھی چوکوں میں لٹکا کر پھانسی دی جائے ۔ملکی سا لمیت پر کسی طور پر بھی آنچ برداشت نہیں ،عزیر بلوچ کا کیس بھی فوجی عدالت میں چلایا جائے ،نئے صوبوں کی اشد ضرورت ہے اس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔اِن خیالات کا اظہار عوامی راج پارٹی کے سربراہ و ممبر قومی اسمبلی جمشید احمد خان دستی نے گزشتہ روز ایبٹ آباد سے واپسی پر قاضی آباد ہوٹل پر دی گئی ’’ٹی پارٹی ‘‘کے موقع پر موجود میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ٹی پارٹی کا اہتمام ٹیکسی ڈرائیور چوہدری لیاقت نے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے فیصلہ پر فوجی عدالتوں کو سراہتے ہیں کیوں کہ مودی کے ’’یاروں ‘‘نے کبھی بھی اتنا شاندار فیصلہ نہیں ہونے دینے تھا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر حکومت نوٹس لے اور ان کے سفارت کار کو یہاں سے بھگائے ۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ عزیر بلو چ نے جو بھی انکشافات کیے ہیں ان کے کیسز بھی فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں اور انہں سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ سہولت کاروں اور مالی دہشت گردوں کو بھی پھانسی پر لٹکا یا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہزار ہ صوبہ سمیت مزید صوبوں کی اشد ضرورت ہے اور نئے صوبوں کے قیام کے بغیر ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کا خواب شرمندہ ءِ تعبیر نہیں ہو گا۔اس موقع پر ڈاکٹر افضل ندیم سیال ،آصف بشیر ،افتخار عطاء اللہ بھی موجود تھے ۔