لیہ (صبح پا کستان)حکومت پنجاب ضلع لیہ میں یونیسیف ،آسٹریلین ایڈ اینڈ پلان انٹرنیشنل کے تعاون سے مختلف یونین کونسلوں کے 722گاؤ ں میں حاجت خانے تعمیر کرے گی ،حاجت خانوں کی تعمیر سے کھلے میں انسانی فضلاء سے پیدا ہونے والے متعدی امراض کے خاتمہ میں نمایاں مدد ملے گی۔یہ بات چیئرمین و صوبائی وزیر اقدامات برائے قدرتی آفات مہر اعجاز احمد اچلانہ کی زیر صدارت منعقدہ ڈسٹرکٹ واش کوراڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔اس موقع پر آسٹریلین ایڈ کے نمائندہ ڈاکٹر پال ،وائس چیئرمین ضلع کونسل لیہ مہر نور محبوب میلوانہ موجو دتھے۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ضلع لیہ کو او ڈی ایف فری ضلع بنانے کے لیے میلے ٹھیلوں ،سکولوں ،کالجز ،سینٹری انسپکٹرز ،نیو ٹریشن سپروائزر،ہیلتھ ورکرز ،پیرا میڈیکل سٹاف ،ڈاکٹرز و اساتذہ کرام کے ذریعے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے اور پنجا ب حکومت ویگر اداروں کی مالی معاونت اور اپنی مد د آپ کے تحت ضلع بھر کے تمام گاؤ ں میں گھرگھر و سرکاری مراکز میں سوفی صد ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر کو یقینی بناکر ضلع لیہ کو ماڈل ضلع بنانے کے لیے بھر پور خدمات سرانجام دیں اور غیر سرکاری تنظیمیں واش کلبز کے ذریعے حاجت خانوں کی تعمیر کے سلسلہ میں بھر پور آگاہی مہم ترتیب دے کر کام کریں تاکہ ضلع لیہ کو اوڈی ایف فری ضلع بنا کر بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔اجلا س میں پلان انٹرنیشنل کے ملک سیف الرحما ن ،اے ڈی ایل جی یوسف کلیم،ای ڈی او تعلیم توکل حسین ،ڈسڑکٹ انفارمیشن آفیسر نثار احمد خان،سید فرخ رضاترمذی او رغلام رضا خان نے ملٹی میڈیا کے ذریعے ضلع لیہ میں واش کلبز قائم کرنے ،سکولوں میں آگاہی مہم ،مختلف یونین کونسلز کے گاؤ ں میں ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر،مراکز صحت میں صحت وصفائی کی سہولیات اور صاف ستھرئے ماحول کی فراہمی کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات و مستقبل کے لیے تجاویز کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں زاہد محمود ،محمد اشفاق ،عمران ذکی،سمیرا احمد ،فائزہ نوشین نے بھی اس ضمن میں مختلف تجاویز سے آگاہی دی۔قبل ازیں صوبائی وزیر مہر اعجاز احمد اچلانہ نے چک نمبر 157ٹی ڈی اے میں ماڈل ویلج کا افتتاح کیا اور علاقے کی عوام کو ٹوائلٹ بلاکس کی تعمیر کے بارے میں آگاہی دی۔ اس موقع پر عاصم سلیم ،سائرہ بانو،حسنین کاظمی،ملک محمد اسلم کلیا،چیئرمین یوسی 164ٹی ڈی اے، مہر سعید اچلانہ ،مہر عمران اچلانہ اور وائس چیئرمین مہر نور محبوب میلوانہ ہمراہ تھے۔