ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ موجودہ سال صوبہ بھر میں گندم کی بمپر کراپ متوقع ہے جو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے زرعی لوازمات سستے کرنے ، کھاد ، بیج اور آلات پر اربوں روپے کی سبسڈی او رکسان پیکج کی وجہ سے ممکن ہوئی . محکمہ خوراک کے پاس 20لاکھ میٹرک ٹن گندم کا اضافی سٹاک ہونے کے باوجود کاشتکاروں سے 40لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی جس کیلئے حکومت پنجاب کو 130ارب روپے سبسڈی کی مد میں برداشت کرنے پڑیں گے . مارکیٹ میں نرخ کم ہونے کے باوجود 1300روپے فی 40کلوگرام کے حساب سے گندم خریدی جائے گی جس کیلئے صوبہ بھر میں 300خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں . انہوں نے یہ بات کمشنر آفس ڈیرہ غازیخان میں گندم خریداری مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ افراد کی طرف سے گندم کی خریداری ضلع و صوبائی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے . اس سال حکومت پنجاب نے محکمہ خوراک پر انحصار کرنے کی بجائے شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو سربراہ مقرر کیا ہے .اسی طرح تحصیل سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں . تمام سنٹرز پر صوبائی وزیر خوراک سمیت سیکرٹری فوڈ ، ڈائریکٹر فوڈ اور اہم افسران کے نام اور نمبرز اور ٹال فری نمبرزاردو تحریر میں آویزاں ہوں گے . بلال یاسین نے کہاکہ 15اپریل سے 30روزہ مہم کے دوران صبح آٹھ سے پانچ بجے دن تک بغیر کسی تاخیر کے کام کیا جائے گا. مہم کے پہلے 15 دن 60فیصد اور دوسرے 15دن 40فیصد باردانہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جاری کیا جائے گا. ڈائریکٹر فوڈ عاصم بلال نے حکومتی پالیسی کے اہم پہلووں کو اجاگر کیا اور کاشتکاروں کے سوالوں کے جوابات دیئے. کمشنر اللہ رکھا انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں خریداری مہم کو شفاف بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل استعمال میں لائے جائیں گے او رکاشتکار کو اس کے حق سے محروم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی. اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز واجد علی شاہ ، سیف انور ، اشفاق احمد ، ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سردار انجم کے علاوہ ڈویژن بھر سے متعلقہ افسران ، انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران ، کاشتکار تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے .