ملتان گیریژن کی تزئین وآرائش کے لیے ٹیولپ پودوں کی افزائش
ملتان(صبح پا کستان ) ملتان گیریژن کی تزئین و آرائش کے لیے پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پر ٹیولپ پودوں کی افزائش کی گئی ہے جس کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ ملتان نے مختلف مقامات جن میں مال روڈ، یادگار شہداچوک اورشیر شاہ روڈ کے ساتھ ٹیولپ پودوں کی افزائش کا بندوبست کیا ہے ۔ یہ اقدامات جہاں علاقہ کی خوب صورت اور تزئین و آرائش میں معاون ہیں وہاں عوام الناس کے لیے صحت افزاء نظاروں کا سامان بھی ہیں۔
کنٹونمنٹ بورڈ ملتان نے رواں سال قریب 18000سے زائد ٹیولپ پودوں کی افزائش کا بندوبست کیا جوبدلتے موسم میں اپنی بہار دکھا رہے ہیں۔ ٹیولپ کا شمار دنیاکے چند خوبصورت اور مشہور پھولوں میں ہوتا ہے جس کی افزائش پاکستان بالخصوص ملتان میں انتہائی مشکل کام سمجھا جاتا رہا ہے کیونکہ ٹیولپ کو اپنی افزائش کے لئے15سینٹی گریڈ سے کم درجہ حرارت کی مسلسل ضرورت رہتی ہے لیکن رواں سال اِ سکی رنگینی ماحول کو ترو تازہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔