ڈیرہ غازی خان(صبح پا کستان) مئیر ڈی جی خان کی کاوشیں رنگ لے آئیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کے بقایا جات کی مد میں فنانس ڈیپارٹمنٹ 10کروڑ 48 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی گئی۔مئیر شاہد حمید کی وزیرِ بلدیات منشاء اللہ بٹ سے ملاقات کے بعد فنڈز میونسپل کارپوریشن کو جاری کرنے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔کارپوریشن انتظامیہ فوری طور ملازمین کی دسمبر2016کی تنخواہیں، پنشن اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کی ادائیگیوں کو یقینی بنائے، مئیر کا حکم۔مزید تفصیلات کے مطابق مئیر ڈی جی خان نے گزشتہ روز وزیرِاعلیٰ ٰپنجاب میاں شہباز شریف سے ہونیوالی ملاقات کے دوران میونسپل کارپوریشن سابق ٹی ایم اے ڈی جی خان کے 10 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی ادائیگی کے لئے سمری پیش کی تھی جس میں ان سے بقایا جات کی فوری ادائیگی کے لئے لوکل گورنمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کو احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی ، جس پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں منشاء اللہ بٹ کو مئیر ڈی جی کان سے میٹنگ کرکے فوری طور بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تھی، جس پر وزیرِ بلدیات میاں منشاء اللہ بٹ اور مئیر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کے درمیان تفصیلی میٹنگ لوکل گورنمنٹ سکریٹریٹ میں منعقد ہوئی ، میٹنگ میں فنانس ڈیپارٹمنٹ اور لوکل گونمنٹ پنجاب ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔ مئیر ڈی جی خان شاہد حمید چانڈیہ کی جانب سے لوکل گونمنٹ اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کو دی جانیوالی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سابقہ ٹی ایم اے ڈی جی خان کے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے سے میونسپل کارپوریشن کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے، ملازمین کی ماہ دسمبر 2016کی تنخواہوں و پنشن، ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کی ادائیگی نہ ہونے سے کارپوریشن بحران کا شکار چلی آرہی ہے۔ فریقین کے درمیان 3گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی میٹنگ میں غور و خوض کرنے اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی واضح ہدایت کی روشنی میں فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 10کروڑ 48لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کردی ہے۔گرانٹ جاری ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہی مئیر شاہد حمید چامڈیہ نے میونسپل کارپوریشن ڈی جی خان کے چیف آفیسر و دیگر متعلقہ آفیسران کو حکم دیا ہے کہ وہ فوری طور کارپوریشن کے تمام ملازمین کی ماہِ دسمبر2016 کی تنخواہیں، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن، اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی اخراجات کے تمام پینڈنگ بلز ادا کریں۔