ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے حضرت سید احمد سلطان المعروف سخی سرور ؒ کے عرس کی تقریبات کے سلسلے میں مزار کا دورہ کیا . سکیورٹی انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا. اس موقع پر آر پی او رحمت اللہ نیازی ، قائمقام ڈی پی او چودھری سجاد حسین گجر ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ عبدالجبار ، پولیٹیکل اسسٹنٹ ٹرائیبل ایریا بابر بشیر ، ڈی ایس پی بشیر احمد اعوان سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے . کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر درگاہوں کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے . سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عوام پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں . عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے . مجاور اور سول سوسائٹی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں . کمشنر محمد یثرب نے مزار پر بھی حاضری دی . ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی . کمشنر محمدیثرب نے اوقاف کمپلیکس میں قائم کنٹرول روم اور خفیہ کیمروں کے ذریعے مزار کے ارد گرد کی صورتحال کا جائزہ لیا. انہوں نے کہاکہ ایمرجنسی کی صورت میں تمام ممکنہ انتظامات کو یقینی بنایاجائے. سکیورٹی فورسز متحرک رہیں . بجلی کی مسلسل فراہمی اور خفیہ کیمروں کو فنکشنل رکھنے کیلئے کردارادا کیا جائے. کمشنر نے دربار کے مختلف روٹس اور گلیوں کا پیدل چل کر جائزہ لیا اور غیر ضروری راستے ، ویران دکانیں سیل کرنے کے احکامات جاری کیے .