لیہ(صبح پا کستان) صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مہر احمد علی واندر نے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج محمد اسلم سیال مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے جوڈیشنری کمپلیکس کی مسجد میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا۔ جس میں ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج راجہ قمرالزمان ،ججز صاحبان ،آراکین ڈسڑکٹ بار کونسل اوروکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔قرآن خوانی کے بعد مرحوم کے درجات کی بلندی و لواحقین کے صبر و جمیل کے لیے دعائیں کی گئیں۔ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج و صدربار نے مرحوم کی انصاف کی فراہمی کے لیے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔
قرآن خوانی کے بعد وکلاء سے خطاب کرتے ہو ئے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج راجہ قمرالزمان نے کہا کہ دہشت گردی کی موجود لہر کا مردانہ وار مقابلہ کر کے ہی مٹھی بھرملک دشمن عناصر کو شکست دی جاسکتی ہے جس کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ڈسٹرکٹ جوڈیشنری کمپلیکس میں آنے والے آراکین جوڈیشنری ،وکلاء و عوام کی سیکورٹی کے لیے ڈسڑکٹ بار کی مشاورت سے بھر پور سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کے لیے معزر وکلاء بھر پور معاونت کا فریضہ سرانجام دیں ۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مہر احمد علی واندر نے بھی اراکین جوڈیشنری کو سیکورٹی کے لیے اپنے بھر پور تعاون و مشاورت کا یقین دلایا ۔