جمن شاہ (صبح پا کستان)مقامی حکومتیں فعال، بلدیاتی اداروں کے زیر انتظام چلنے والے ادارے فنڈز کی عدم فراہمی پر بند، بجلی کے بل ادا نہ ہو سکے نہ ہی ترقیاتی بجٹ آسکا، مسلم لیگ ن کی حکومت شہریوں سے مذاق ، مذاق کا کھیل کھیل رہی ہے، شہریوں کی گفتگو، کروڑ وں روپے کے فنڈ ز جاری کئے جارہے ہیں، ضلعی وائس چیئر مین۔ یکم جنوری سے ایک سال بعد فعال ہونے ہونے والے بلدیاتی اداروں کے فعال ہونے سے شہریوں کو فائدہ تو نہ پہنچ سکا مگر فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث مقامی حکومتوں کے زیر انتظام چلنے والے سیوریج سسٹم، واٹر سپلائی نظام، سٹریٹ لائٹس، صحت و صفائی جیسے بنیادی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، جمن شاہ میں چالیس ہزا ر سے زائد کا بجلی بل ادا نہ ہونے سے سیوریج، واٹر سپلائی کو فراہم کی جانے والی بجلی کاٹ دی جا چکی ہے جس سے شہر میں سیوریج کے مسائل میں اضافہ ہونے کے ساتھ گلی ، محلوں میں گندے پانی کے تالاب بن چکے ہیں جبکہ شہری صاف پانی کے حصول میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔ کوٹ سلطان میں سیوریج ڈسپوزل کابجلی بل بھی ادا نہ ہونے سے میٹر کٹ جانے کے خوف سے شہری متعدد بارضلعی چیئر مین ، وائس چیئر مین کو دراخواستیں ارسال کر چکے ہیں مگر تاحال بل ادا نہ ہو سکا ہے۔ مقامی حکومتیں فعال ہونے سے لیہ، جمن شاہ، کوٹ سلطان، پہاڑ پور، سمیت دیگر قصبوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، مکینوں محمد ارسل، کلیم اللہ، تحسین احمد، دلاور حسین، محمد اختر ، ابو بکر صدیق و دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں بلدیاتی ادارے اصل جمہوریت کی نشانی تھے اور عوام کے مسائل بھی حل ہو رہے تھے مگر اب مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ ضلعی وائس چیئر مین حاجی نور محبوب میلوانہ نے رابطہ پر بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شریف نے بلدیاتی اداروں کے کروڑ وں روپے کے فنڈ ز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جلد ہی تمام مسائل حل کر دیئے جائیں گے۔