لاہور( مانیٹرننگ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس، پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں رینجرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔
ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاس میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ شہداء کے ورثاء کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے، دہشت گرد اور ان کے سہولت کار پاک دھرتی کا ناسور ہیں جسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
صوبائی ایپکس کمیٹی اجلاس میں مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، صوبائی وزیر انسداد دہشت گردی کرنل (ر)محمد ایوب، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان، چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید، انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق سکھیرا، سیکرٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان خان شریک تھے۔
source…
http://city42.tv/lahore/2017/02/19/shahbaz-sharif-provincial-apex-committee-meeting-punjab-operation/