ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) کمشنرڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے برصغیر کے روحانی پیشوا حضرت سخی سلطان المعروف سخی سرورؒ کے دربار کا دورہ کیا. سکیورٹی اور زائرین کو فراہم سہولیات کا جائزہ لیا.اس موقع پر آر پی او رحمت اللہ نیازی ، قائمقام ڈی پی او سجاد حسین گجر ، پی اے بابر بشیر ، اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گل حسن ، ڈی ڈی ایچ اوز ڈاکٹر اطہر سکھانی ، ڈاکٹر محمد عابد ، ڈی ایس پیز محمد خالد ، ملک بشیر اعوان ، چیف آفیسر خالد محمود قمر سمیت دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے . کمشنر محمد یثرب نے دربار کے مختلف شعبوں او رمقامات کا جائزہ لیا اور موقع پر احکامات جاری کیے . کمشنر محمدیثرب نے کہاکہ موجودہ حالات کے پیش نظر دربار کی سکیورٹی مزید سخت کر دی جائے . محفوظ مقامات پر پارکنگ کے علاوہ خفیہ کیمروں کے ذریعے عرس کی تقریبات اورسرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے .بغیر تلاشی کسی کو دربار کی حدود میں داخل نہ ہونے دیاجائے. انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس اور بی ایم پی مل کر دربار کی حدود میں سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں . عرس کے نام پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی .
واضح رہے کہ حضرت سخی سرورؒ کے عرس کی 60روزہ تقریبات 15اپریل تک جاری رہیں گی . سیہون شریف کے سانحہ کے پیش نظر دربار کی سکیورٹی کو خصوصی طو رپر فوکس کیاگیاہے . کمشنر محمد یثرب سمیت اعلی افسران کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے .