ڈیلی ویجز کو مستقل نہ کرنے کے خلاف شو گر مل ملازمین کا احتجاج و دھرنا
لیہ(زاہد سرفراز واندر سے )شوگر مل میں سہولیات نہ ملنے اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل نہ کرنے کے خلاف ملازمین کا احتجاج و دھرنا۔شوگر مل لیہ کی انتظامیہ کا ملازمین کو سہولیات نہ دینے جن میں سوشل سیکورٹی کارڈ کی فراہمی نہ ہونا، تین سال سے پانچ فیصد بونس نہ ملنے، شوگر مل میں شہید کی جانے والی مسجد کو دوبارہ تعمیر نہ کرنے، عرصہ بیس سال سے کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل نہ کرنے ، سائیکل موٹر سائیکل سٹینڈ کی سہولت نہ ہونے اور جنرل منیجر کے ناروا سلوک کے خلاف ملازمین نے کالج روڈ کے باہر احتجاج کرتے ہوئے مطالبات کے حق اور گوجی ایم گو کے نعرے بلند کئے۔ ملازمین نے گو جی ایم گو کے نعرے لگاتے ہوئے خادم اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ لیہ شوگر مل میں ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور ملازمین کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والے جی ایم کے خلاف نوٹس لیا جائے ۔ احتجاج کرنے والے ملازمین نے پریس کلب میں دھرنا دیا اور مطالبات تسلیم نہ ہونے تک احتجاجی دھرناجاری رکھنے کا اعلان کیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصا ف کے رہنما ملک ہاشم حسین نے کہاکہ پنجاب حکومت چھوٹے ملازمین ، کسانوں ، مزدوروں کو حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔عرصہ داراز سے کام کرنے والے مل مزدور آج تک مستقل نہیں ہو سکے جس کے ذمہ دار وزیر اعلی پنجاب ہیں۔ مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا۔