ڈیرہ غازیخان ۔. لاء آفیسر؍ منیجر بے نظیر ویمن کرائسز سنٹر ڈیرہ غازیخان ثریا مجید رانا کو ڈویژنل سینسس کمیٹی کا رکن مقرر
ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) . لاء آفیسر؍ منیجر بے نظیر ویمن کرائسز سنٹر ڈیرہ غازیخان ثریا مجید رانا کو ڈویژنل سینسس کمیٹی کا رکن مقرر کر دیاگیا ہے .انہوں نے گزشتہ روز ضلع ڈیرہ غازیخان میں خانہ و مردم شمار ی کے حوالے سے شمار کنندگان کے تربیتی سیشن کا جائزہ لیا. مسائل پوچھے اور تجاویز حاصل کیں . انہوں نے گورنمنٹ شہداآرمی پبلک سکول ڈی جی خان کے دورہ کے دوران شمار کنندگان کی حاضری کو چیک کیا اور تربیتی سیشن کا جائزہ لیا. ثریا مجید رانا نے بتایاکہ حکومت کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں خانہ و مردم شماری 15مارچ سے شروع ہو گی جس کیلئے تربیتی سیشن جاری ہیں .
ڈیرہ غازیخان ۔ ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی130یونین کونسلو ں کیلئے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں ۔محمد اظہر حسین چانڈیہ
ڈیرہ غازیخان( صبح پا کستان) . حکومت پنجاب کی ہدایت پر نئی یونین کونسلوں کو کمپیوٹر اور دیگر آلات سے لیس کیا جائے گا . ڈیرہ غازیخان ڈویژن کی130یونین کونسلو ں کیلئے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں . ایک ماہ کے اندر آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی. یونین کونسلوں کے دفاتر میں تاریخ پیدائش و اموات ، نکاح ، طلاق سمیت دیگر اندراج کو نادرا کے ساتھ آن لائن منسلک کیا جائے گا. یہ بات ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد اظہر حسین چانڈیہ نے ڈویژن بھر کے متعلقہ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ نئے نظام کے تحت یونین کونسلو ں میں تمام اندراج کمپیوٹرائزڈ کیاجائے گا. انہوں نے بتایاکہ ضلع ڈیرہ غازیخان کی 60،ر اجن پور کی 39، مظفرگڑھ کی 19اور لیہ کی 12یونین کونسلوں کو کمپیوٹراور دیگر آلات دیئے جائیں گے .اجلاس میں ریجنل آفس نادرا ملتان کے عمر خالد شیروانی کے علاوہ ڈویژن بھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ ، چیف آفیسرز ، میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل کے متعلقہ افسران موجو دتھے .
ڈیرہ غازیخان ۔ پولیو کے قطرے پلانے کی خصوصی مہم 27فروری سے شروع ہو گی
ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) ضلع ڈیرہ غازیخان میں پانچ سال تک کے پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی خصوصی مہم 27فروری سے شروع ہو گی جس میں 3155افرادی قوت فرائض انجام دے گی . مہم کیلئے 1451ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں 1304موبائل 87فکسڈ اور 60ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں . حضرت سخی سرور ؒ کے عرس کے حوالے سے دربار پر ٹیموں کی تعداد دو سے بڑھا کر 12کر دی گئی ہے . یہ بات ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم کی زیر صدارت ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی . ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ پولیو ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے . ضلع کی حدود میں پانچ سال تک کے ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں . ضلع کے داخلی و خارجی مقامات پر آنے والے ہر بچے تک رسائی حاصل کی جائے. حفاظتی ویکسین پلانے سے انکار کرنے والے خاندانوں کو قائل کرنے کیلئے علماء ، مقامی اراکین اسمبلی ، منتخب نمائندوں اور معززین کی خدمات حاصل کی جائیں . ضرورت پڑنے پر مقدمات بھی درج کرائے جاسکتے ہیں . انہوں نے کہاکہ پولیو سے متاثرہ بچہ صحت مند بچوں کو بھی وائرس منتقل کر سکتا ہے او رضلع ڈیرہ غازیخان خیبرپختونخواہ اور بلوچستان سے منسلک ہونے کی وجہ سے زیادہ حساس ہے . اس لیے ٹیموں کو زیادہ متحرک اور فعال کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے . ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ایک فرد کی ناقص کارکردگی سے پوری مہم ناکام ہو سکتی ہے اس لیے دوسروں کی کارکردگی متاثر کرنے والوں کو بے نقاب کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے. اجلاس کو بتایاگیاکہ 2016کے دوران مارکیٹ سروے ، ایل کیو ایس اور انڈرائیڈ فون کی کوریج کے انڈیکیٹرز کے حوالے سے ضلع ڈیرہ غازیخان صوبہ بھر میں سرفہرست رہا .مہم میں پانچ لاکھ 80ہزار 683بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیاہے . اجلا س میں اسسٹنٹ کمشنرزعبدالغفار ، عبدالجبار ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر گل حسن ، ڈاکٹر ملک ریاض ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر خلیل احمد ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ڈاکٹر کامران اصغر، ڈاکٹر محمد عابد ، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عاطف حسیب ، سوشل ویلفیئر آفیسر محمد ابراہیم ، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عبدالروف ، ڈاکٹر ناصر ، یونیسف کے کلیم اللہ طاہر ، ڈی ایس پی ٹریفک محمد خالد ، رسالدار بی ایم پی خرم کھوسہ ،قاری جمال عبدالناصر ، سید سجاد حسین نقوی سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین موجود تھے .
ڈیرہ غازیخان ۔ اتا ئیت کے خلاف مو ثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ
ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) . حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں اتائیت کے خلاف موثر کریک ڈاون کیا جائے گا. اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تعینات کر کے سات روز کے اندر کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیاگیاہے. یہ احکامات ڈپٹی کمشنر اللہ رکھاانجم نے محکمہ صحت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ عطائیوں کی وجہ سے مہلک امراض بڑھ رہے ہیں . انسانی صحت کے ساتھ کھیلنے والوں کے کاروباری مراکز سربمہر کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں . ضلع بھر میں بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیئے . کسی کے ساتھ جانبداری ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی . اجلاس کو بتایاگیاکہ عطائیو ں کے غلط انجکشن کی و جہ سے 15سال تک کے بچوں کی بالخصوص ٹانگیں متاثر ہو جاتی ہیں جن سے بچے عمر بھر کی معذوری کا شکار ہو سکتے ہیں .اس سے بچوں کو پولیو کا شبہ ہو تا ہے ٹیسٹ اور رپورٹ کے حصول کیلئے کافی رقم خرچ کرنا پڑتی ہے اس سے ضلع کا امیج متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی صحت سے کھیلا جا رہاہے .
ڈیرہ غازیخان ۔ روحانی پیشوا حضرت سلطان سخی سرورؒ کے عرس کی تقریبات 15اپریل تک جاری رہیں گی
ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) . برصغیر کے روحانی پیشوا حضرت سلطان سخی سرورؒ کے عرس کی تقریبات 15اپریل تک جاری رہیں گی . دوماہ سے زائد عرصہ جاری رہنے والے عرس میں لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہوتی ہے . موجودہ حالات کے پیش نظر دربار کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں . دربار میں داخلے اور اخراج کیلئے ایک ہی راستہ مقرر کیاجائے . چیکنگ ، پارکنگ اور سکیورٹی کے دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے. پولیس اور بی ایم پی مل کر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائیں . یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر اللہ رکھا انجم نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں . انہوں نے کہاکہ دربار کی حدود اور مصروف مقامات پر خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے . زائرین کی سکیورٹی اور سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے. اجلاس میں متعلقہ افسران شریک تھے
ڈیرہ غازیخان۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام سمسٹر بہار 2017کے داخلے 6مارچ تک جاری رہیں گے
ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان) .ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹرڈیرہ غازیخان قیصرعباس کاظمی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام سمسٹر بہار 2017کے تحت میٹرک ، انٹر میڈیٹ ، بیچلر ؍ ماسٹر ؍ ایم فل ، پی ایچ ڈی پروگرام کے داخلے 6مارچ تک جاری رہیں گے . علاوہ ازیں اردو ، پاکستان سٹڈیز ، اسلامیات ، اکنامکس ، لائبریری سائنس ، ماس کمیونیکیشن پروگرامز کی ورکشاپس 6مار چ جبکہ ایم اے ایجوکیشن اورا یم ایڈکی ورکشاپ 24مار چ سے شروع ہوں گی. بی ایڈ پروگرام کورس کوڈ 655کی ورکشاپ 13فروری سے ریجنل کیمپس ڈیرہ اور گورنمنٹ بوائز کالج لیہ میں شروع ہو چکی ہیں. ایسے طلباؤ طالبات جو ورکشاپ میں شریک نہیں ہو سکے وہ ریجنل آفس سے اجازت نامہ حاصل کر کے ورکشاپ میں شرکت کر سکتے ہیں . مزید معلومات کیلئے فون نمبر 064-9260386-7پر رابطہ کیاجاسکتاہے .