لیہ(صبح پا کستان)شہداء کا خون قوم کی بقاء اور سلامتی کیلئے درخشاں باب،شہدائے پولیس پر فخرہے،دہشت گردی کیخلاف پولیس فرنٹ لائن پر برسرپیکار،حوصلے پست نہیں ہوئے ،مٹھی بھرشرپسند عناصر کو ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ڈی پی او لیہ کیپٹن(ر)محمدعلی ضیاء ۔سانحہ لاہور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پولیس لائن میں قرآن خوانی کااہتمام ،درجات کی بلندی کیلئے دعائیں۔
تفصیلات کے مطابق مسجد پولیس لائن لیہ میں سانحہ لاہور کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کااہتمام کیاگیاجس میں منسٹرقدرتی آفات مہر اعجازاحمد اچلانہ ،ممبرصوبائی اسمبلی سردارشہاب الدین سیہڑ،سیشن جج لیہ راجاقمرالزمان،ڈپٹی کمشنر سید واجدعلی شاہ،انچارج ریسکیو1122ڈاکٹرتحسین سمیت انجمن تاجران ،وکلاء،ممبران امن کمیٹی،میڈیانمائندگان ،سول سوسائٹی اورپولیس افسران واہلکاران کثیرتعدادمیں شریک ہوئے قرآن خوانی کے بعد شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن وسلامتی کیلئے دعاکرائی گئی قبل ازیں ڈی پی او لیہ نے شہداء کی عظمت کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کاعظیم رتبہ ہے شہداء کا خو ن قوم کی بقاء اور سلامتی کیلئے ایک درخشاں باب ہے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے مقدس فریضہ کی بجاآوری میں جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس پر فخرہے جنھوں نے امن کے چمن کی آبیاری کیلئے اپنے خون سے وطن کی مٹی کوسیراب کیا ڈی پی او نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پولیس فرنٹ لائن پر برسرپیکارہے اورکانسٹیبل رینک سے لے کر ڈی آئی جی رینک تک پولیس نے جان کی قربانیاں دیں ملک دشمن عناصر کے اس طرح کے گھناؤنے فعل ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے انھوں نے کہاکہ دہشت گردکاکسی مذہب سے تو کیا کسی قسم کا انسانیت سے بھی تعلق نہیں مٹھی بھرشرپسند عناصر کو کسی بھی صورت ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے انھوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عوام کا کثیرتعدادمیں شرکت کرنااس بات کاپیغام ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم سب ایک اور متحد ہیں ۔