انڈے فروخت کرنے سے لے کر برطانوی پارلیمنٹ کے سب سےامیر رکن اور پنجاب گور نر بننے کا سفر کیسے ؟ چودھری سرور کے اپنی کتاب میں انکشافات
لندن(ما نیٹرنگ ڈیسک )انڈے فروخت کرنے سے لے کر برطانوی پارلیمنٹ کے سب سےامیر رکن اور گورنر پنجاب بننے کے سفر پر مبنی اپنی سوانح عمری میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما چودھری محمد سرور نے انکشاف کیا ہے کہ مشرف حکومت کے کہنے پر برطانیہ نے شریف برادران کو ویزے جاری نہیں کئے شہبازشریف کے رابطہ کرنے پر انہوں نے دونوں بھائیوں کے ویزے لگوائے اور کہاکہ نوازشریف انعام میں انہیں ہائی کمشنر بنوانا چاہتے تھے بعد میں پنجاب کی گورنر شپ دے دی۔
نجی ٹی وی 92 نیوزکےمطابق سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی کتاب مائی ری مارکیبل جرنی کی تقریب رونمائی لندن میں ہوئی تقریب میں لیبر پارٹی کے سربراہ اور برطانوی اپوزیشن لیڈر جیرمی کاربین Jeremy Corbyn رکن پارلیمیٹ لارڈ نذیر احمد، خالد محمود سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی چودھری سرور نے اپنی سوانح عمری میں لکھا کہ شہبازشریف نے دو ہزار چار میں جد ہ سے ٹیلی فون پر ان سے رابطہ کیااور علاج کے سلسلے میں لندن آنے کے لئے برطانوی ویزے کےحصول میں مدد کی درخواست کی۔
انہوں نے اس سلسلے میں برطانوی ہوم آفس سے سفارش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ مشرف حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شریف برادران کے طالبان کے ساتھ گہرے مراسم ہیں اس لئے انہیں برطانیہ نہ آنے دیا جائے۔
چودھری سرور کے مطابق بعد میں ان کے قریبی دوست ڈس براؤن امیگریشن اینڈ نیشنلٹی کے وزیر بنے جس پر شہبازشریف کو نہ صرف ویزہ جاری کیا گیا بلکہ بعد میں اس میں دو سال کی توسیع بھی کی گئی کتاب میں نوازشریف کو بھی برطانوی ویزہ نہ دینے کا ذکر کیا گیا ہے جسے چودھری سرور کی سفارش پر برطانوی حکومت نے ویزہ جاری کیا ۔
چودھری سرور کے مطابق نوازشریف انہیں برطانیہ میں ہائی کمشنرلگوانا چاہتے تھے تاہم وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے شدید مخالفت کی جس پرشریف برادران نے انہیں پنجاب کا گورنر بنا دیا۔
چودھری سرور نے سوانح عمری میں برطانیہ میں انڈے فروخت کرنے سے لے کر برطانوی پارلیمنٹ کے سب سےامیر رکن ہونے کے سفر کا بھی تفصیل سےذکر کیا ہے۔