لیہ(صبح پا کستان )سربراہ پاکستان عوامی راج کا دورہ لیہ، سیاسی رہنماؤں کو جماعت میں شمولیت کی دعوت کے ساتھ جلسے سے بھی خطاب کیا، فتح پور حادثہ میں جاں بحق طلبا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کی۔چیئر مین پاکستان عوامی راج جمشید دستی نے ممبر میونسپل کمیٹی کامران روحانی کے سیکرٹریٹ پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جاگیر دار سیاستدان پھر نئے لولی پاپ تیار کر کے عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی تیار ی میں مصرو ف ہیں، انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں کرپٹ حکمران بری طرح پھنس چکے ہیں۔ جمشید دستی نے کہا کہ حکمران ملک لوٹ کر دبئی، نیو یارک ، لندن، سعودی عرب میں کارروبار کر رہے ہیں مگر جنوبی پنجاب کے معصوم عوام آج بھی کتے، گدھے کے ساتھ ایک ہی گھاٹ سے پانی پینے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ سربراہ عوامی راج نے کامران روحانی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔ امید وار صوبائی اسمبلی کامران روحانی نے جاگیردانہ نظام کے خلاف جمشید دستی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیہ میں اب کوئی جاگیردار نہیں بلکہ عوام کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔ جلسے لقمان اسد اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں سربراہ عوامی راج جمشید دستی گزشتہ ہفتے فتح پور ٹریفک حادثہ میں جاں بحق سات افراد کے گھروں میں بھی گئے اور لواحقین سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خانی کی۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثات کے باوجود جنوبی پنجاب کی سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، انہوں نے ملتان، میانوالی سڑک کو ون وے کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لئے حکومتی امداد کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہاکہ اگر امداد نہ کی گئی تو آئندہ ہفتے فتح پور میں احتجاج کیا جائے گا۔