ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان)ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں چار شعبوں کی 39ترقیاتی سکیموں پر تقریبا ایک ارب روپے خرچ کیے جار ہے ہیں . منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے . یہ بات کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد یثرب نے اس سلسلے میں منعقدہ بریفنگ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کہی . کمشنر محمد یثرب نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا. ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ہر افسر کو دلچسپی لینا ہو گی . میپکو ٹرانسفارمر، میٹر اور کھمبوں کی بروقت تنصیب اور بجلی کی فراہمی کیلئے کردار ادا کر ے. کمشنر محمد یثرب کو بتایاگیاکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2016-17کے تحت ڈویژن میں 41کروڑ روپے کی لاگت سے ہائر ایجوکیشن کی دس ، 25کروڑ 20لاکھ روپے سے سپورٹس کی گیارہ ، 28کروڑ 60لاکھ روپے سے ہیلتھ کی 16اور پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ویمن ڈویلپمنٹ کی دو سکیموں پر کام کیا جارہاہے . اجلاس میں متعلقہ افسران شریک تھے .