ڈیرہ غازیخان(صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن نے ٹیچنگ ہسپتال اور تحصیل صدر ہسپتال فورٹ منرو کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا. اس موقع پر انہوں نے مٹیریل کے معیار کے ساتھ ساتھ مقررہ معیاد کے اندر کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں . ڈی سی ندیم الرحمن نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا . انہوں نے تمام وارڈ ز کے بستروں کی چادریں بروقت تبدیل کرنے ، پارکنگ محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور سکیورٹی بہتر کرنے کے بھی احکامات جاری کیے . اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان میں مسنگ سپیشلٹیز کے تحت مزید 350بستر کے آٹھ وارڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں جو سنٹرلی ایئرکنڈیشنڈ ہوں گے . تعمیراتی کام دسمبرتک مکمل کر لیا جائے گا. منصوبے پر تقریبا اڑھا ئی ارب روپے خرچ ہو ں گے. اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو عبدالشکور ، ایڈیشنل کمشنر فنانس و پلاننگ سرفراز مگسی ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر فاروق احمد ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس،ایکسیئن پراونشل بلڈنگز عبدالمجید ، ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمن چشتی سمیت دیگر متعلقہ افسران موجود تھے .
علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر منور عباس نے تحصیل صدر ہسپتال کھر فورٹ منرو کے معائنہ کے دوران بتایاکہ گرمیوں کے موسم میں مکینوں کی واپسی ہونے پر ٹی ایچ کیوہسپتال کو فنکشنل کر دیا جائے گا. چار دیواری ، سیوریج واٹر سپلائی سمیت آوٹ
ڈور کا تعمیراتی کام مکمل کر لیاگیاہے . انڈورکا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے . منصوبے پر 15کروڑ 70لاکھ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جن میں پانچ کروڑ روپے مشینری او رآلات سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے مختص کیے گئے ہیں