لیہ(صبح پا کستان)کالعدم تنظیموں کے عہدیداران بھی ملک کے شہری ہے، وزیر داخلہ کا ان سے ملنا کوئی بڑی بات نہیں ہے، ملاقات پر شور مچا کر سیاست کی جاری ہے ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفوری حیدری کی کوٹ سلطان میں پریس کانفرنس کے دوران گفتگو۔ڈپٹی چیئر مین سینٹ و مرکزی جنرل سیکرٹری جمعیت علما اسلام مولانا عبدالغفور حیدری نے گزشتہ روز جامعہ رحیمیہ تعلیم القرآن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام نظریہ کی بنیاد پر پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن کی حکومتوں میں شامل ہوئی ، تحریک انصاف کا آئندہ حکومت میں آنے کا کوئی چانس نہیں اور نہ ہی جمعیت علما اسلام تحریک انصاف کے نظریہ کو پسند کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر داخلہ ملک کا منسٹر ہے سب کو ان سے ملنے کا حق حاصل ہے، کالعدم تنظیموں کے عہدیداران کی ملاقات پر شور مچاکر سیاست چمکائی گئی ، تنظیمیں کالعدم ہوتی ہیں نہ کہ شخصیت کالعدم ہوتی ہے، انہوں نے کہاکہ جھنگ سے نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی مولانا مسرور نواز جھنگوی کاجمعیت میں شامل ہونے سے جمعیت کے منشور کے پابندہو چکے ہیں، جمعیت علما اسلام ملک میں اسلامی نظام کے نفاذکیلئے تمام مذہبی جماعتوں کے الائنس کے لئے کوشاں ہے تاکہ مغربی نظام کے دلدادہ سیاست دانوں کا راستہ روکا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ دیوبند کی تمام تنظیمیں جمعیت علما اسلام کے پلیٹ فارم سے سیاست کر رہی ہیں ، آئندہ انتخابات میں جمعیت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نے ملک میں غیر اسلامی قوانین مرتب کرنے کی کوششوں پر بھر پور آواز اٹھائی ، پنجاب ، سندھ میں غیر اسلامی قوانین جمعیت نے ختم کرائے ، ہم ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے محافظ ہیں۔ ڈپٹی چیئر مین سینٹ کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت ناکام ہو چکی ہے، جمعیت علما اسلام آئندہ انتخابات میں خیبر پختوانخواہ میں بھی حکومت بنائے گی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری قاری منور حسین، قاری خالد محمود، قاری عبدالغفور رحیمی سمیت جے یو آئی کے کارکنان بھی موجود تھے۔