لیہ (صبح پا کستان)لیہ تھل میلہ کے انعقاد کے لیے پنڈال کی تیار ی مکمل کر لی گئی ہے اور عوام کے کھانے پینے کے لیے معیا ری اشیاء پر مشتمل فوڈ سٹریٹ کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے۔یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر واجد علی شاہ کی زیر صدارت انتظامات کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اس موقع پر اے ڈی سی نعیم اللہ بھٹی ،ای ڈی او زراعت ظفراللہ سندھو،ای ڈی او صحت ڈاکٹر ضیاء الحسن ،جی اے آر ارشد احمد وٹو،اسسٹنٹ کمشنر عثمان منیر بخاری ،ڈسٹرکٹ افسران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس میں تھل میلہ کے انعقاد کی تیاری کے سلسلہ میں بتایا گیا کہ عوام کے بیٹھنے کے لیے پنڈال تیار کر لیا گیاہے اور 3نومبر کو افتتاحی تقریب کے موقع پر آنے والے مہمانوں و شائقین کے لیے کرسیوں اور ٹینڈنگ کا انتظام کیا جائے گا ۔اجلاس میں مزید بتایاگیاکہ صاف شفاف ماحول کی فراہمی کے لیے پانی کے چھڑکاؤ کا کام مسلسل جاری ہے اور آنے والے شائقین کو پانی کی فراہمی کا معقول بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔شائقین کے لیے تمام ضروری اشیائے خورد نوش پر مشتمل خصوصی فوڈ سٹریٹ ،کولڈ ڈرنکس و چائے کے سٹالز لگانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔ڈی سی او واجدعلی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیہ تھل میلہ کو کام یاب بنانے کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں اور آنے والے مہمانوں و عوام کی رہنمائی کے لیے سائن بورڈ لگائے جائیں اور شائقین کی دلچسپی کے لیے معیاری ماحول ،سایہ دار جگہ ،پینے کے صاف پانی کا خاطر خواہ انتظام ،بہترصفائی و معیار ی فوڈ ایٹمز کی فراہمی یقینی بنایاجاے ۔انہوں نے کہا کہ لیہ تھل میلہ اور تھل جیپ ریلی کے کام یاب انعقاد کی بدولت ضلع لیہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر روشناس ہوگااور سیاحت کے ساتھ ساتھ مقامی کلچر کے فروغ میں بھی نمایاں مدد حاصل ہوگی ۔