لیہ (صبح پا کستان) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر واجد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب تعلیمی روڑمیپ کے مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران تعلیم اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ریویو کمیٹی کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عثمان منیر بخاری ،ای ڈی او تعلیم محمد منشاء میو ،ڈسٹرکٹ افسران تعلیم ارشاد احمد ،غلام یاسین چشتی کے علاوہ ڈی ڈی اوز اور ائے ای اوز اور ای ایم ایز نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈی سی او نے کہا کہ طالب علم ملک وقوم کا مستقبل ہیں جنہیں جدید علوم سے آگاہی وتربیت کا عمل مز ید بہتر انداز میں کیا جائے اور اساتذہ کرام طالب علموں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں اور تعلیمی روڈ میپ کے اہداف کے حصول کے لیے تدریسی عمل لگن ،محنت اور ایمانداری سے سرانجام دیں انہوں نے کہا کہ محکمہ کے افسران فیلڈ میں نکلیں اورتعلیمی استعداد کار میں بہتری کے لیے اور سکولوں کی انسیپکشن کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی پندرہ یوم کے اندر سکول سربراہان سے سکولوں کی عمارتوں کا فٹنس سرٹیفیکٹ لیاجائے اور بوسیدہ و خطرناک عمارتوں میں تدریسی عمل روک دیاجائے انہوں نے ڈی او بلڈنگ کو ہدایت کی کہ ضلع بھرکے سکولوں کی بلڈنگز کے تعمیر ومرمت کے کام کو فی الفور مکمل کروایا جائے ۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے تعلیمی روڈ میپ کے اہداف کے حصول کی رفتار،اساتذہ کی حاضری ،انرولمنٹ میں اضافے ،طالب علموں کی حاضری ،انضباطی کاروائیاں ،ترقی منصوبوں پر کام کی رفتارودیگر امور کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیاگیا۔