ترکیہ اور شام سمیت پورے خطے میں شدید نوعیت کا زلزلہ آیا ہے جس سے مجموعی اموات 1472 ہو گئیں جبکہ درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق زلزلے سے کم از کم 1 ہزار 710 عمارتیں گر گئیں، 2 ہزار 786 امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 912 ہو گئی، جبکہ 5 ہزار 383 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ زلزلے سے اموات کتنی بڑھیں گی، ابھی اندازہ نہیں لگا سکتے، 45 ممالک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مدد کی پیشکش کر چکے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زلزلہ 1939ء کے بعد اب تک کی سب سے بڑی تباہی ہے۔
ترک صدر رجب طیب ایردوان نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ترک نائب صدر نے بتایا ہے کہ زلزلے کے بعد غازیانتپ اور حاطے ایئر پورٹ پر سول پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
شامی محکمۂ صحت کے مطابق شام میں حکومتی زیرِ اثر علاقوں میں زلزلے سے اموات کی تعداد 326 جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے۔
امدادی گروپ کے مطابق شام میں باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں زلزلے سے 147 اموات ہوئیں ہیں۔
امدادی گروپ نے بتایا ہے کہ زلزلے سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے، سیکڑوں خاندان اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن، لبنان اور اسرائیل میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
جرمن ریسرچ سینٹر کے مطابق ترکیہ میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں Nurdadi/Gaziantep کا علاقہ تھا، اس زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔
ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ریسکیو اداروں کی ٹیموں کے علاوہ مقامی افراد بھی ملبے میں دبے افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔
ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ترکیہ کے جنوبی شہر کہرا منمار اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کی شدت 7 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی ہے۔
زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات سوا 4 بجے آیا، جب بیشتر لوگ سوئے ہوئے تھے۔
زلزلے کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، لوگ خوف کے باعث سڑکوں پر نکل آئے، زلزلے کے جھٹکے 1 منٹ تک محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیہ کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کیے گئے۔
ترک سرکاری ٹی وی کے مطابق ترکیہ کے جنوب میں آئے زلزلے سے سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ بڑے زلزلے کے بعد اب تک 78 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور لتاکیہ میں محسوس کیے گئے۔