لاہور{صبح پا کستان} محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر مختلف کیسوں میں گوجرانوالہ، لاہور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، رحیم یار خان، لیہ، جھنگ، مظفرگڑھ، میانوالی، راولپنڈی اور وہاڑی سے تعلق رکھنے والے درخواست گزار افراد کو مجموعی طور پرچار کروڑ 94 لاکھ 3 ہزار 545 روپے کا قانونی ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے ترجمان دفتر محتسب پنجاب نے بتایا کہ ان کیسوں میں سائلین کو خونی رشتہ کی بنیادپرملازمت کے حوالے سے واجب الادا مالی واجبات کی فراہمی، لیو انکیشمنٹ، زرضمانت کی واپسی میں تاخیراورلیٹ ڈیلیوری کی بنیاد پر غلط طور پر کٹوتی کردہ رقم کی واپسی کی شکایات شامل ہیں۔اس دوران دفتر محتسب کی ہدایت پرورکرز ویلفیئر فنڈ پنجاب نے لیہ کی ایک طالبہ لائبہ چاند کوٹیلنٹ سکالرشپ اور دیگر تعلیمی اخراجات کی مد میں 1149014روپے بھی ادا کیے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پانچ مختلف شکایت کنندگان کی جانب سے سرکاری رقبہ جات کوناجائز قابضین سے خالی کروانے کی درخواستوں کے حوالے سے دفتر محتسب کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے میانوالی اورٹوبہ ٹیک سنگھ میں دوکروڑ54لاکھ 30ہزار روپے مالیت کی سرکاری اراضی کو قابضین سے خالی کروا کر متعلقہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایک علیحدہ درخواست پر محتسب میجر (ر)اعظم سلیمان خان کی کارروائی کے نتیجے میں اسلام آباد کی شکایت کنندہ ارم ظفر کا11سالہ پرانا مسئلہ حل ہو گیا ہے اوران کے مرحوم خاوند کے ٹیکسلا میں 612000روپے مالیت کے چار مرلہ پلاٹ کو ان کے نام منتقل کر دیا گیا ہے۔