لاہور . پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات، ایل پی جی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کی پارلیمنٹ کے اندر بھرپور مخالفت کرنے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکس پر ٹیکس اور مہنگائی پر مہنگائی عوام کے بنیادی آئینی ومعاشی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عوام کے معاشی آئینی حقوق کا تحفظ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، صرف اشیاء مہنگی کرنے سے معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش سراسر حماقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ طور پر 7 سے 9 روپے مزید اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے، 16 اکتوبر کو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر تک پہلے ہی اضافے کا ظلم عوام پر ڈھا چکی ہے، باربار خبردار کررہا ہوں کہ حکومت کو قومی معاشی خودکشی سے روکنا ہوگا، ورنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔