لیہ( صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر اظفر ضیا ء نے کہاہے کہ سرکاردوجہاں ﷺکی ولادت باسعادت کی سلسلہ میں ضلع بھر میں مذہبی تقریبات عقیدت و احترام اور شایان شان طریقہ سے منعقدکی جائیں گی ۔تمام سرکاری عمارتوں ،چوراہوں کوبرقی قمقموں سے سجایاجائے گا۔
یکم سے 12ربیع الاول تک شان رحمت اللعالمین کی نسبت سے محفل نعت ،محفل سماع ،قوالی ،تقریری مقابلے اورریلیاں تقریبات کا حصہ ہوں گی۔انہوں نے یہ بات کمیٹی روم میں ربیع الاول کے انتظامات کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرسٹی شِزاءرحمان ،اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ عامرافتخار،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز عمیرعاصم،سی ای او تعلیم شرافت علی بسرا،پرنسپل گورنمنٹ کالج ڈاکٹرمزمل حسین ،پرنسپل ڈی پی ایس بوائز طاہرہ ذوالفقار،پرنسپل ڈی پی ایس بوائز محمداکرم جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئرمشتاق حسین،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد،ایم ایس ڈی ایچ کیوہسپتال ڈاکٹرصائمہ بتول سمرا،ڈسٹرکٹ ایمرجینسی آفیسر ڈاکٹرسجاد احمداور متعلقہ افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرا ظفر ضیاءنے کہاکہ ڈی پی ایس گرلز و بوائز ونگ میں نعت خوانی کے مقابلہ جات جبکہ ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کے لئے قوالی کا اہتمام کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ سرکاری سکولوں میں نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺپر تقریری مقابلہ جات بھی ہوں گے جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس کمپلیکس میں عوام کے لئے محفل سماع بھی منعقدہوگی۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے کہاکہ ربیع الاول کے سلسلہ میں زیرعلاج مریضوں ،جیل اسیران اور پناہ گاہ میں مقیم افراد میں شیرینی تقسیم کی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے کہاکہ میونسپل کمیٹیاں ربیع الاول کے دوران خصوصی صفائی مہم چلائیں گی۔