لیہ(صبح پا کستان)سابق ایم پی اے صوبائی نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب چوہدری اصغر علی گوجر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے حالیہ بجٹ میں قبل و مابعد ہنگائی کم کرنے،غریبوں،کسانوں،مزدوروں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اتنے بیان بدلے کہ قوم واقعی تسلیم کرچکی ہے کہ موجودہ حکمران یوٹرن ہیں،
انہوں نے کہا کہ آسان زراعت کا دھوکہ دیکر ڈیڑھ لاکھ روپے فی ٹریکٹر ،4سو روپے فی گھریلو گیس سلنڈر،5روپے فی کلو آٹا سمیت اشیائے روز مرہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کم آمدن والے افراد خاندانوں سے نوالہ چھین لینے کی آخری کوشش بھی کر ڈالی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس تین سال کا عرصہ کافی تھا کہ نیازی حکومت عوام کیلئے کچھ کرگزرتی مگر ہر گذرتے دن کے ساتھ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو مایوسی کی دلدل میں ہی دھکیل رہی ہے اور لوگ بے یقینی کا شکار ہو کر بھوک،بے روزگاری سے تنگ آکر اجتماعی خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں
انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ان مایوس کن ایام میں قوم کو امید کی کرن دکھانے،متبادل قیادت سامنے لاناے اور حکومتی پالیسیوں،مہنگائی،بد امنی،بے روزگاری کے خلاف 4جولائی کو کراچی سے خیبر تک ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت جماعت اسلامی ضلع لیہ بھی 4جولائی کو صبح 8بجے ڈسٹرکٹ پریس کلب کے سامنے اور کروڑ لعل عیسن میں تاریخ ساز احتجاجی دھرنا دیگی جس میں مہنگائی،بے روز گاری اور حکومتی پالیسیوں سے تنگ عوام بھر پور شرکت کریں گے اور جماعت اسلامی کا یہ احتجاج حکومت کے خاتمے کا تحریک کا نقطہ آغاز ہوگا اور موسم تبدیل ہوتے ہی اس احتجاج کا دائرہ وسیع ہو جائے گا اور حکومتی پالیسیوں کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا،اس موقع پر ضلعی امیر چوہدری منور حسین،تحصیل امیر کروڑ مبشر نعیم چوہدری،ضلعی نائب امیر عاصم اقبال گجر،رہنما کسان بورڈ چوہدری انور گجر،امیر تحصیل لیہ چوہدری زاہد محمود،ضلعی جنرل سیکرٹری احسان اللہ محسن موجود تھے