و زیر اعلی پنجاب کا دورہ چک 105 کروڑ لعل عیسن
سانحہ چک 105 کی دو ہفتوں میں مکمل انکوائری رپورٹ آنے کے بعد دوبارہ لیہ کا دورہ کروں گا ۔ شہباز شریف
لیہ(صبح پا کستان)زہریلی مٹھائی سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدری و تعزیت کے لئے گزشتہ روزوزیر اعلی پنجاب لیہ پہنچے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان، نجی میڈیا کو کوریج کی اجازت نہ دی گئی ۔ لیہ کے نواحی چک 105میں زہریلی مٹھائی سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت و اظہار ہمدردی کے لئے چار بار اپنا دورہ ملتوی کرنے والے خادم اعلی میاں شہباز شریف گزشتہ روز چک نمبر105 ایم ایل پہنچے جہاں 33جاں بحق افراد کے لواحقین میں سے صرف 25افراد کو کیمپ کے اندر بلایا کر وزیر اعلی سے ملاقات کرائی گئی۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات نہ کرنے پر اہل علاقہ نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگا ئے۔خادم اعلی سے ملاقات کے دوران جاں بحق 9بچوں کے والد عمر حیات و دیگر متاثرین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ، نشتر ہسپتال ملتان کے ڈاکٹروں اور عملہ کی غفلت اور مبینہ مجرمانہ غفلت کے خلاف پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگا دیئے۔
ملاقات میں لواحقین نے بتایا کہ ہسپتال ڈاکٹران کے بچوں کا نہ علاج معالجہ کرتے اور نہ ہی ان کو علاج کے لئے کوئی تسلی دی گئی۔ ہسپتال میں سہولیات نہ ہونے کے باعث وہ اپنے معصوم بچوں کو ہاتھوں پر اٹھائے سوئیاں لگواتے رہے۔ بعض لواحقین نے یہ بھی شکایت کی ڈاکٹروں نے ان کے مریضوں کو ہسپتال سے نکال دیا کہ ان سے دیگر مریض متاثر ہو تے ہیں۔ 1گھنٹے سے زائد کے دورہ میں متاثرین وزیر اعلی کے انصاف پہنچانے کے انتظار میں رہے مگر وزیر اعلی نے انکوائری رپورٹ مکمل ہونے کے بعد دوہفتے کے اندر دوبارہ دورہ کرنے کے اعلان کرتے ہوئے مقامی چک 120کے بنیادی ہیلتھ سنٹر کو اپ گریڈ کرنے اور چک کی سڑکیں از سر نو تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان کرنے کے بعد ملتان کے لئے روانہ ہو گئے۔وزیر اعلی کے مایوس کن دورہ پر اہل علاقہ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی دورہ لیہ کی جھلکیاں
وزیر اعلی پنجاب میاں شہبازشریف چار بار دورہ کی منسوخی کے بعد گزشتہ روز منگل کو زہریلی مٹھائی سے جاں افراد کے لواحقین سے تعزیت کیلئے چک 105 ایم ایل پہنچے
مختلف چکوک سے زہریلی مٹھائی سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو چک 105ایم ایل میں بنائے گئے پنڈال میں وزیر اعلی پنجاب 9 بج کر 12 منٹ پر پہنچے
وزیر اعلی کی سیکورٹی پر بڑی تعداد میں پولیس کانسٹیبل، سادہ کپڑوں میں حساس اداروں کے اہلکاروں سمیت سرا غ رساں اداروں کی مدد بھی لی گئی جبکہ خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیتی رہیں
خادم اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی آمد پر ڈی سی او رانا گلزار احمد ، ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ محمدعلی ضیاء انتظامی امور کی خود نگرانی کرتے رہے
وزیر اعلی کے دورہ کے موقع پر ایم پی ایز مہر اعجاز اچلانہ، چوہدر اشفاق احمد، ایم این اے فیض الحسن سابق صوبائی وزیر ملک احمد علی اولکھنے استقبال کیا
پنڈال میں دو انٹر ی گیٹ بنائے گئے جن پر واک تھروگیٹ نصب تھے۔ ایک گیٹ سے لواحقین جبکہ دوسرے گیٹ کو مسلم لیگی عہدیداران و انتظامیہ کے لئے مختص رکھا گیا
نجی میڈیا کو کوریج کی اجازت نہ دی گئی جس پر شہریوں میں بے چینی رہی اور شہری میڈیا نمائندگان سے باربار کوریج بارے پوچھتے رہے
وزیر اعلی کی آمد سے چند لمحے قبل جیمر لگا کر موبائل سگنل بلاک کر دیئے گئے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا
پنڈال میں مخصوص لواحقین کو داخلہ کی اجازت ملنے پر جاں بحق افراد کے دیگر اہل خانہ اور اہل علاقہ نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی
ا ہل علاقہ نے وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات نہ کرنے دینے پر گونواز گو کے نعرے لگا دیئے، شرکا کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوتی رہیں
وزیر اعلی سے ملاقات میں لواحقین نے ہسپتال ڈاکٹر وں کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، علاج معالجہ نہ کرنے ،سہولیات عدم دستیابی کی شکایات کیں
ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے باعث ہم اپنے معصوم بچوں کو ہاتھوں پر اٹھائے سوئیاں لگواتے رہے، متاثرین نے وزیر اعلی کوڈاکٹروں کے خلاف کھری کھری سنائیں
تقریباًایک گھنٹہ کے دورہ میں محکمہ صحت ضلع لیہ و نشتر ہسپتال ملتان میں متاثرہ خواتین و حضرات کو علاج معالجہ میں پیش آنے والی مشکلات کے ھوالے سے متاثرین کی گفتگوکے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے موقع پر کسی ذمہ دار فسرمحکمہ صحت یا ڈاکٹر کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ لیہ اور محکمہ صحت ضلع لیہ کے ذمہ داران نے ایک دوسرے کو گرمجوشی سے مبارکبادیں دیں اور گلے ملے یہ بات یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف جتنی دیر بھی نواحی چک میں رہے محکمہ صحت ضلع لیہ کے اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود افسران و اہلکاران وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورے اور اعلانات کے بارے جاننے کیلئے بار بار مختلف حضرات سے رابطہ کرتے رہے ۔
وزیر اعلی نے دو ہفتوں میں مکمل انکوائری رپورٹ کے بعد دوبارہ لیہ کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
اہل علاقہ نے وزیر اعلی کے دورہ پر مایوسی کا اظہار کیا جب کہ مسلم لیگی عہدیداروں،ضلعی انتظامیہ،مْحکمہ صحت ضلع لیہ نے دورہ کو کامیاب قرار دیا۔
رپورٹ ۔ عبد الرحمن فریدی پریس رپورٹرلیہ ، ظاہر شاہ پریس رپورٹر کروڑ