ملتان ۔ تبدیلی کے نعرے دھرے کے دھرے رہ گئے، وی آئی پی کلچر تبدیلی سرکار بھی ختم نہ کرسکی، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا پروٹوکول نوجوان کی جان لے گیا۔
ملتان کے نشتر ہسپتال روڈ کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔ سڑک بند ہونے کی وجہ سے ایک ایمبولینس بھی پھنس کر رہ گئی لیکن پولیس اہلکاروں نے سڑک نہیں کھولی۔ آدھے گھنٹے سے زائد وقت تک سڑک کھلنے کا انتظار کرتے کرتے نوجوان کی سانسیں اکھڑ گئیں اور اس نے بے بس بہن بھائیوں کے ہاتھوں میں اپنی جان کی بازی ہار دی۔ متوفی کے بھائی نے بتایا کہ اس کا بھائی ٹریکٹر کے نیچے آیا تھا جسے نشتر ہسپتال لے جایا جارہا تھا لیکن پولیس والوں نے ایمبولینس کو راستہ نہیں دیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کر لی اور ٹریفک روکنے پرنوجوان کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی تحقیقات کاحکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ ٹریفک خصوصاً ایمبولینس کو روکنے کا کوئی جواز نہیں، نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی دکھ ہے۔ اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات ہوں گی اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔