راجن پور(صبح پا کستان )ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ملک اوراپنے علاقہ میں امن کے قیام کے لیے مذہبی رواداری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس لئے تمام مسالک کے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران آپس کے باہمی تعاون سے شرپسند اور دہشت گرد عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا سکتے ہیں۔
یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احسن سیف اللہ اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ تحصیل جام پور اورروجھان میں ماتمی جلوسوں اور اعزاداری مجالس کی سیکیو رٹی انتظامات چیک کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور عاشورہ کے دوران ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈیوٹی پر مامور افسران نے جلوسوں،روٹس کی تفصیل،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،کیٹگری وائز جلوسوں کی تفصیل اور ان کی سابقہ ہسٹری،ہیلتھ مراکز، لنگر،نیاز،سبیلوں کی مکمل تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملک کے امن اور استحکام کے لیے شر پسند عناصر اور دہشت گردی کے خلاف موجود ہ حکومت ہر طرح کے اقدامات اٹھائے گی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر آفس جام پور میں امن کمیٹی کے ممبران کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے لئے کئے گئے انتظامات کو زیر بحث لایا گیا اور کویڈ 19سے بچاؤ کی ایس او پیز اختیار کرنے کی ہدایت کی۔