ملتان۔ ساؤتھ پنجاب ورکرز فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز نے وفاقی و صوبائی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ ہفتہ سے احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے،
سٹیل ملز کے 10ہزار ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس اور اراکین اسمبلی کی 2سو فی صد بڑھائی گئی تنخواہیں اور مراعات و اپس لی جائیں۔ان خیالات کا اظہار ساؤتھ پنجاب ورکرز فیڈریشن آف ٹریڈ یونینزکے چیئرمین مہر محمد اشرف ساقی، وائس چیئرمین میڈم رخسانہ انور ، صد ر دلاور عباس صدیقی، لیگل ایڈوائزر عرفان حیدر شمسی ایڈووکیٹ، جنرل سیکریٹری مصور حسین نقوی نے دیگر عہدیداران ملک محمد رمضان، طفیل محمد خان، محمد اجمل ،احمد مدنی کے ہمراہ پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔ مہر محمد اشرف ساقی نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ میں محنت کش طبقہ کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی تمام مزدور تنظیمیں اس مزدور دشمن بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہیں کرونا وائرس کا بہانہ بنا کر محنت کش طبقہ کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھنا سراسر زیادتی اور ظلم ہے۔