راجن پور( صبح پا کستان ) صوبائی وزیر لائیواسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ /فوکل پرسن گندم خریداری مہم ضلع راجن پور سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزار کی قیادت میں پنجاب حکومت کی طرف اس سال کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خرید کیا جائے گا۔
اس سال گندم کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اب تک ضلع راجن پور میں ساڑھے 10لاکھ سے زائد باردانہ تقسیم کیا جاچکا ہے جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد بوری گندم مختلف مراکز خریداری پر خرید بھی کی جاچکی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے فاضل پور اور محمد پور دیوان میں قائم کردہ مراکز گندم خریداری کے اچانک دورے کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے مراکز گندم خریداری پر ریکارڈ کو چیک کیا، گندم کی خریداری کے عمل کا معائنہ کیا اور گندم میں نمی کے تناسب کو بھی چیک کیا۔ انہوںنے مراکز پر آئے گندم کے کاشتکاروں سے ان کے مسائل دریافت کیے ۔ انہوں نے تمام کاشتکاروں کو اپیل کی کہ وہ گندم خریداری میں مڈل مین کے کردار کی بھر پور حوصلہ شکنی کریں۔ حکومت کسانوں کی بہتری کے لیے سنجیدہ ہے اور بھر پور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر کے مراکز گندم خریداری پر کاروناوائرس سے بچاﺅ کے لیے جراثیم کش اسپرے کرنے کے ساتھ ساتھ تمام حفاظتی تدابر اختیار کی جارہی ہیں۔ اب یہ ہم سب پر بھی لازم ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ان کی طرف سے جاری کردہ تمام حفاظتی و احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں