لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ 25 لاکھ خاندانوں کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے، ہر خاندان کو چار ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔
سردار عثمان بزدارنے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا مستحقین سے بڑھ چڑھ کر تعاون کر رہے ہیں، صوبے میں مساجد اور بازاروں میں جراثیم کش سپرے کرنے کی ہدایت کی ہے، عوام سے اپیل ہے سماجی فاصلہ رکھیں اور گھروں میں رہیں۔ انہوں نے کہاکورونا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، تبلیغی جماعت کے ساتھ مس ہینڈلنگ کی رپورٹ ملی ہے، کٹس میں خود کفیل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، مستحقین کو آن لائن 4 ہزار روپے مہیا کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دفعہ 144 کی خلاف ورزری پر گرفتار افراد کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا پولیس کو گرفتار افراد کی رہائی کا کہہ دیا ہے، گرفتار افراد کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا جائے، ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال کل سے کام شروع کر دے گا، محکمہ صحت کو 14 ارب روپے جاری کیے ہیں، محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی سامان مہیا کریں گے، انتظامی اور طبی لحاظ سے صورتحال کنٹرول ہے، 8 ڈویژنل لیبارٹریز کے قیام کیلئے 62 کروڑ روپےجاری کر دیئے، کورونا پر کام کرنیوالے ڈاکٹرز کو ایک اضافی تنخواہ دیں گے، اگر کسی کی موت واقع ہوئی تو شہدا فنڈ بھی دیں گے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پائیں گے، ماضی کے حکمرانوں نے شعبہ صحت کو یکسر نظر انداز کیا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا ماضی کے دور میں صحت کے شعبے کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی، موجودہ کٹھن حالات میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ مایوس کن ہے، قوم کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، اپوزیشن محض اپنی سیاست چمکانے کے لئے خالی بیان بازی کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو زبانی جمع خرچ کی بجائے میدان میں آنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا عوام کی خدمت محض بیانوں سے نہیں ہوتی بلکہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے، تحریک انصاف کی حکومت آزمائش کی گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے کورونا کنٹرول کے لئے اقدامات پر عوام کو پورا اعتماد ہے، ہرا قدام عوام کے تحفظ کے لئے اٹھا رہے ہیں۔