پاک فوج کے 12 اعلیٰ افسران کرپشن کے الزام میں ملازمت سے برطرف
راولپنڈی( مانیٹرننگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرپشن الزامات پر 12فوجی افسروں کو برطرف کر دیا ہے ، تمام برطرف افسروں کیخلاف کرپشن الزامات میں تحقیقات کا عمل جاری تھا۔ یہ برطرفیاں پاک فوج کی داخلی تحقیقات کی روشنی میں عمل میں کی گئی ہیں۔ برطرف فوجی افسران سے پلاٹس، زرعی زمین اور دیگر تمام مراعات واپس لے لی گئیں ہیں تاہم انہیں پنشن اور میڈیکل کی سہولت حاصل رہے گی تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے تاحال برطرف کیے گئے افسران پر عائد الزامات کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطا بق برطرف کئے گئے افسران میں لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خٹک اور میجرجنرل اعجاز شاہد کے علاوہ 6 بریگیڈیئرز، 3کرنل اور ایک میجر شامل ہیں۔ برطرف کئے گئے افسران میں بریگیڈیئر حیدر، بریگیڈیئر اسد شہزادہ ، بریگیڈیئر سیف اللہ، بریگیڈیئر رشید، بریگیڈیئرعامر،بریگیڈیئر آصف، کرنل حیدر اور میجر نجیب کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ تمام افسران فرنٹیئرکانسٹیبلری میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خان خٹک بلوچستان میں آئی جی فرنٹیئر کور (ایف سی) کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملک میں ہر سطح پر احتساب لازمی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی سالمیت خود مختاری اور استحکام کے لئے بلا امتیاز احتساب ہونا چاہئے،کرپشن کے خاتمے تک دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہے،قوم کے تعاون سے دہشتگردی اور کرپشن کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔