لیہ:23مارچ 2020ء(صبح پا کستان) ضلعی انتظامیہ نے کو رونا وائرس کے انسداد کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا۔پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔کو رونا ایک خطرناک وائرس ہے تاہم احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو اس کا جلد خاتمہ ممکن ہے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاء نے سرکٹ ہاؤس میں انسداد کورونا وائرس کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر پاک فوج کے میجر ذیشان،اے ڈی سی جی اشفاق احمدسیال،اے سی نیازاحمدمغل موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جراثیم کش کلورین ملے پانی کا چھڑکا جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ اور دیگر مصروف مقامات پر چھڑکاؤ کا سلسلہ جاری رہے گا اور صفائی کا خاص اہتمام کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری ملاقاتوں اور سفر سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اور تھل ہسپتال میں مشتبہ مریضوں کی سکریننگ اور ابتدائی علاج معالجے کی بہترین اور فوری سہولیات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق بازار منگل تک بند رہیں گے اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاہم میڈیکل سٹور فامیسیزاور کریانہ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے 71 زائرین کو ڈی جی خان اور ملتان قرنطینہ رکھا گیا ہے اور ان کی سکریننگ کا عمل جاری ہے جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے ان کے اہل خانہ کے لئے 15 دن کا راشن فراہم کیا جا رہا ہے جس میں راشن کے 2 جبکہ آٹے کا 1 تھیلہ شامل ہوگا۔