لاہور ۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں شاپنگ مالز اور سیاحتی مقامات دو روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت جواں، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آج رات 9 بجے سے منگل صبح 9 بجے تک شاپنگ مالز بند ہوں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب بھرمیں شاپنگ مالزاورسیاحتی مقامات 2 روز کیلئے بندہوں گے۔ اس کولاک ڈاؤن نہیں کہا جا سکتا، سماجی میل جول میں فاصلےہی وبا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ہے۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہری آئندہ 2 روز اپنے گھروں میں رہیں، میڈیکل سٹورز، سبزی منڈی، کریانہ سٹورز کھلیں رہیں گے۔ پبلک ٹرانسپورٹ پر کوئی پابندی نہیں کی جا رہی۔ بیکریز،دودھ کی دکانیں، پولٹری کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی پیکیج کے صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم بخت جواں کی سربراہی میں کمیٹی کام کر رہی ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا مریضوں میں کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے، قرنطینہ سینٹرز میں مکمل سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔