راولپنڈی: پنجاب بھر کے سرکاری دفاتر کو ضروری عملے تک محدود رکھ کر عوام کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے مزید پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر پیشگی انتظامات میں مزید بہتری لانے کے کڑے فیصلے کیے ہیں جن کے تحت پنجاب بھر میں سرکاری دفاتر کو انتہائی ضروری عملے تک محدود اور عوام کا داخلہ معطل رکھنے کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت پنجاب بھر میں انتہائی ضروری عملے کے علاوہ دیگر عملے کو گھرو ں پر آن کال یا اسکائپ سے امور سرانجام دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔
پنجاب آئی بورڈ سرکاری دفاتر کے امور چلانے کے اسکائپ بزنس اکاؤنٹ تشکیل دے گا، میٹنگز میں بھی صرف ضروری عملے کو بلایا جائے گا، زیادہ تر اسکائپ یا ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔ سرکاری دفاتر میں عام عوام کی انٹری مکمل بند رہے گی جب کہ تمام اداروں کے سربراہوں سمیت کمشنر و ڈپٹی کمشنرز اور دیگر شعبوں کو 2 لینڈ لائن اور ایک موبائل فون نمبر پر مشتمل ہیلپ لائن تشکیل دینے کا بھی کہا گیا ہے تاکہ عوام مسائل کے لیے رجوع کر سکیں۔
آئی جی پنجاب پولیس کو بھی صوبائی ریجن و ضلعی سطح اسی طریقہ کار کو اختیار کرنے کا ہابند کیا گیا ہے۔ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پارک وغیرہ بھی بند رکھے جائیں گے جبکہ تمام ضروری دفاتر، بینکس، شاپنگ مالز اور مقامات پر صفائی کے لیے ہینڈ سینی ٹائیزر اور ہاتھ دھونے کے لیے صابن وغیرہ کا انتظام رکھنے کے پابند ہوں گے۔