ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان) کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے سخی سرور میں زائرین کی بس بہہ جانے کے واقعہ پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو طلب کرلیا ۔ واقعہ پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو رات کے وقت بھی دربار کی حدود میں رہنے اور بغیر اجازت باہر جانے پر پابندی عائد کردی ۔
کمشنرنے کہا کہ زائرین کی بس کے حادثہ پر بہت افسوس ہے اور وہ متاثرین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اوقاف طاہر احمد کو بلاکر جواب طلب کیا انہوں نے کہا کہ ندی کے علاقہ میں وارننگ سائن کیوں نہیں نصب کئے گئے ۔ ندی میں طغیانی اور بارش کی صورتحال کے بارے میں زائرین کو باقاعدہ آگاہی دی جائے ۔ زائرین کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں سکیورٹی اور سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے انہوں نے کہ وہ کسی بھی رات دربار میں سہولیات چیک کرنے کےلئے وزٹ کرسکتے ہیں اور وہ کمشنر کے بجائے ایک زائر کی حیثیت سے معائنہ کریں گے انہوں نے کہا کہ کمپلیکس کی مرمت کرکے زائرین کےلئے کھولا جائے ۔ کمپلیکس کو سوفیصد زائرین کے قیام کےلئے استعمال میں لایا جائیگا ۔ دربار کی حدود میں تمام پبلک ٹوائلٹس کو بحال کرایا جائیگا ۔ کمشنر نے کہا کہ ٹینکی کی صفائی کرکے زائرین کو فراہم پانی کی سو فیصد کلورینیشن فوری کرائی جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ دربار سخی سرور زائرین کےلئے چاروں صوبوں کا ہب ہے ۔ دربار کی حدود میں زائرین کی ہرممکن سہولیات خیال رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو تنبیہ کی جائے کہ وہ سامان دکانوں کی حدود میں رکھیں ،زائرین کا راستہ بند نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ تجاوزات مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے بتایا کہ دربار کی حدود میں سٹریٹ لاءٹس نصب اور خراب کیمرے تبدیل کردئیے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ ڈیرہ غازیخان میں بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث زائرین کی 4 بسیں سخی سرور ندی میں گرگئیں، 10 افراد ندی میں بہہ گئے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں بارشوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث زائرین کی 4 بسیں سخی سرور ندی میں گرگئیں، 10 افراد ندی میں بہہ گئے۔ریسکیو ٹیموں نے ندی سے ایک لاش نکال لی جبکہ دیگر افراد کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔