لاہور ۔ چئیرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان سے لالا طاہر رندھاوا پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت پنجاب نے ایوان وزیر اعلیٰ پنجاب میں ملاقات کی۔
پارلیمانی سیکرٹری براے زراعت پنجاب لالا طاہر رندھاوا نے چئیرمین پبٹ سردار تنویر الیاس خان کو پنجاب میں سرمایہ کاری کو بڑھانے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کاوشوں سے لیہ میں اکنامک زون بنانے پر کام ہو رہا ہے ۔ لالا طاہر رندھاوا نےبتایا کہ لیہ کی عوام بہت غریب ہے اور ان کے لیے یہ اکنامک زون کسی نعمت سے کم نہیں ۔
چئیرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان نے گفتگو کرتے کہا کہ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ مختلف اضلاع میں سپیشل اکنامک زون بنانے پر کام کر رہا ہے اور بہت جلد لیہ اور وہاڑی میں افتتاح بھی کر دیا جاے گا ۔ جنوبی پنجاب میں اکنامک زون کی اشد ضرورت ہے اور اس کے لیے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر عمل کیا جا رہا ہے ۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک میں معاشی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ،معاشی بہتری اور بے روزگاری کا خاتمہ صرف پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے ہی ممکن ہے ، لیہ کے عوام کے لیے اکنامک زون بہت فائدہ مند ہوگا ۔ پنجاب کا کوئی ضلع بھی کیوں نہ ہو میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے پنجاب کے ہر ضلع، تحصیل میں جانے کو تیار ہوں اور اس مقصد کے لیے بہاولپور، فورٹ منرو، ڈی جی خان، مظفرگڑھ، وہاڑی ملتان کی کاروباری شخصیات سے ملاقات بھی کر چکا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں میں کام کرنے کی صلاحیت موجود ہے انہیں صرف پلیٹ فارم اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے جنوبی پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کا ادارہ کام کر رہا ہے ۔میں نے خود بھی دوروں کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے رپورٹ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو پیش کی ہے ۔انشاءاللہ بہت جلد پنجاب میں خاص کر جنوبی پنجاب میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری نظر آے گی۔