راجن پور( صبح پا کستان ) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری نے کہا ہے کہ ضلع راجن پو رکی تعمیر و ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ تحصیل روجھان میں سوئی گیس کی فراہمی سے علاقہ میں معاشرتی و معاشی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انشاء اللہ پورے ضلع راجن پور میں سوئی گیس کی فراہمی کے ہرممکن کوششیں کی جائیں گی۔ یہ باتیں انہوں نے تحصیل روجھان میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن راجن پور ضلع کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ ضلع راجن پور کی تعمیر و ترقی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھوں گا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شرکاء سے وعدہ کیا کہ میں نہ تو اپنے علاقے کے لوگوں کو بیچوں گا، نہ کبھی کرپشن کروں گا اور نہ اپنے لوگوں کو ان کا حق دلوانے میں کوئی غفلت کروں گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی سردار ریاض محمود مزاری نے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے مجھے جس حد تک جانا پڑا، میں جاوں گا۔ مزید کہ کہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قومی اسمبلی سمیت ہر متعلقہ پلیٹ فارم پر بلاامتیاز کوششیں جاری رکھوں گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ علیحدہ صوبہ، مکمل امن و امان اور ضلع راجن پور میں یونیورسٹی کا قیام ہمارے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
سوئی گیس فراہمی منصوبہ کا افتتاح سابق وزیراعظم پاکستان سردار میر بلخ شیر مزاری نے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان سردار میر بلخ شیر مزاری، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری، ممبر قومی اسمبلی سردار ریاض محمود مزاری اور دیگر معززین علاقہ نے لوگوں میں سوئی گیس کے میٹر تقسیم کیے۔سوئی گیس منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی اور ڈپٹی اسیپکر پنجاب اسمبلی و ممبر قومی اسمبلی کی علاقہ کی ترقی کے لیے اقدامات پر زبردست خراج ِ تحسین پیش کیا۔