لیہ(صبح پا کستان)پیرامیڈیکس ڈے کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ ہسپتال لیہ میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے ملک نیاز احمد جکھڑ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری، ایم پی اے لالہ طاہر رندھاوا اور ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف،سابق ایم پی اے سردار افتخار علی بابر خان کھتران نے کہا کہ حکومت پاکستان لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کو بھر پور پزیرائی مل رہی ہے عمران خان کی قیادت میں پاکستان عنقریب مسائل سے نکل آئے گا اور لوگوں کو انکی دہلیز پر سہولیات میسر ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ پیرا میڈیکس کو جذبہ خدمت سے سرشار ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی چاہئے اس سے دنیا و آخرت سنور جاتی ہے اور کہا کہ پیرا میڈیکس کو چاہئے کہ وہ ہسپتالوں میں آنے والے دکھی افراد کی خدمت کریں اور ایک مسیحا کا کردار ادا کریں تقریب سے ضلعی صدر پیرا میڈیکل سٹاف احسان اللہ سیال، صوبائی نائب صدر پیرا میڈیکل محمدایوب انصاری، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عتیق الرحمن، عباس ہاشمی، امیر عبدللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر ضلع بھر کے محکمہ صحت کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل ملازمت کے آرڈر بھی تقسیم کئے گئے اور پیرا میڈیکس ڈے کے حوالہ سے کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب میں ضلع بھر سے آئے ہوئے پیرا میڈیکس،سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی